QR CodeQR Code

پشاور، نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے نجی نیوز چینل کا رپورٹر قتل

4 Dec 2018 12:59

اے ایس پی حیات آباد سرکل نجم الحسنین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے جائے وقوعہ پر سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی تعین کیا جارہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور کے علاقہ سربند میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نجی نیوز چینل کا رپورٹر جاں بحق جبکہ کیمرہ مین شدید زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے نجی نیوز چینل کے رپورٹر نورالحسن اپنے کیمرہ مین صابر کے ہمراہ کسی کام کے سلسلہ میں حیات آباد جا رہے تھے، جہاں اچینی چوک کے قریب دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اُن کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ موقع پر موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں نور الحسن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ کیمرہ مین صابر تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہے جس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب آئی جی پی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او کو اس سلسلے میں تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اے ایس پی حیات آباد سرکل نجم الحسنین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے جائے وقوعہ پر سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی تعین کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا یونین آف جرنلسٹ نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی پیغام میں کے ایچ یو جے کے صدر سیف الاسلام سیفی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت اور سکیورٹی ادارے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مسلسل ناکام ہیں اور اس عدم تحفظ کے احساس کی وجہ سے صحافیوں کی صفوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا سے واقعے کا نوٹس لینے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ ادھر سینئر صحافی کے قتل پر نوشہرہ کی صحافی برادری نے بھی غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ واضح رہے کہ رواں سال مختلف اضلاع میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے صحافیوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔ اس سے قبل دو صحافیوں بخشش الٰہی اور سہیل خان کو ہری پور، ہارون خان کو صوابی جبکہ چارسدہ میں احسان اللہ شیر پاو کو قتل کیا جاچکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 764791

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/764791/پشاور-نامعلوم-موٹر-سائیکل-سواروں-کی-فائرنگ-سے-نجی-نیوز-چینل-کا-رپورٹر-قتل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org