QR CodeQR Code

واشنگٹن ایران کو تیل برآمد کرنے سے نہیں روک سکتا

امریکہ نے ایرانی تیل کی ترسیل میں رکاوٹ حائل کرنیکا سوچا تو خلیج فارس سے کوئی تیل سپلائی نہیں کرسکے گا، حسن روحانی

ایرانی قوم اپنے دشمنوں کے مقابلے میں کبھی نہیں جھکے گی

4 Dec 2018 19:06

ایران کے صوبے سمنان کے شہر شاہرود کے عوام سے خطاب میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ علاقے میں اپنا مقصد حاصل کر لینگے، لیکن ایرانی عوام تمام میدانوں میں یہ ثابت کرینگے کہ وہ امریکہ کیخلاف ہر محاذ میں کامیاب ہونگے۔ انکا کہنا تھا کہ امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے تیل کی برآمدات کو صفر تک پہنچا دیگا اور دنیا کیساتھ ایران کی تجارت نہيں ہونے دیگا، لیکن آج امریکہ خود عالمی سطح پر الگ تھلگ ہوگیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر نے کہا ہے کہ امریکہ کو جان لینا چاہیئے کہ وہ ہمارے تیل کی فروخت کو نہيں روک سکتا اور اگر امریکہ نے ہمارے تیل کی فروخت کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کی تو کوئی بھی تیل خلیج فارس سے برآمد نہيں ہوسکے گا۔ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کے روز مشرقی ایران کے صوبے سمنان کے شہر شاہرود کے عوام سے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ علاقے میں اپنا مقصد حاصل کر لیں گے، لیکن ایرانی عوام تمام میدانوں میں یہ ثابت کریں گے کہ وہ امریکہ کے خلاف ہر محاذ میں کامیاب ہوں گے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے صراحت کے ساتھ کہا کہ امریکہ کو جان لینا چاہئے کہ وہ ہمارے تیل کی فروخت کو نہيں روک سکتا اور اگر امریکہ نے ہمارے تیل کی فروخت کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کی تو خلیج فارس سے کہیں بھی تیل نہيں جا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے تیل کی برآمدات کو صفر تک پہنچا دے گا اور دنیا کے ساتھ ایران کی تجارت نہيں ہونے دے گا، لیکن آج امریکہ خود عالمی سطح پر الگ تھلگ ہوگیا ہے۔

ایرانی صدر نے کہا ہے کہ امریکہ علاقے یا دنیا کے ساتھ ایران کے تجارتی تعلقات منقطع نہیں کرا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو یہ جان لینا چاہیئے کہ ایرانی عوام، علاقے اور پوری دنیا کے ملکوں منجملہ یورپ، چین، ہندوستان اور اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کا تحفظ کریں گے اور وہ پڑوسی نیز اسلامی ملکوں کے ساتھ اپنے رابطے بڑھاتے رہیں گے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ اور غاصب صیہونیوں سے ایک مقتدر اور طاقتور ایران برداشت نہیں ہو رہا ہے، لیکن ایرانی قوم اپنے دشمنوں کے مقابلے میں کبھی نہیں جھکے گی۔ انہوں نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکہ دنیا کے مختلف ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے، کہا کہ اس وقت مغرب میں عراق و ترکی، شمال میں آذربائيجان، روس، قزاقستان اور ترکمانیہ، مشرق میں افغانستان و پاکستان اور جنوب میں عمان، قطر اور کویت کے ساتھ ایران کے تعلقات کسی بھی دور سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں اور امریکہ علاقے اور دنیا کے ساتھ ایران کے تعلقات منقطع کرانے میں کبھی بھی کامیاب نہيں ہوسکے گا۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی عوام کے خلاف امریکی پابندیوں کے معاملے میں صرف ایک دو چھوٹے ملکوں اور غاصب صیہونی حکومت نے ہی واشنگٹن کا ساتھ دیا جبکہ دنیا کے سبھی ملکوں نے امریکی پابندیوں کی مذمت کی ہے۔ ایران کے صدر نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج، رہبر انقلاب اسلامی اور ایران کے ارکان نظام اسلامی نے عراق، شام اور لبنان نیز علاقے کی دیگر قوموں کی سلامتی میں مدد کی ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ آج بھی اسلامی جمہوریہ ایران فوجی اور سیاسی جنگ کے میدان میں جارح آل سعود کے مقابلے میں یمن کے مظلوم عوام کی مدد کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 764902

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/764902/امریکہ-نے-ایرانی-تیل-کی-ترسیل-میں-رکاوٹ-حائل-کرنیکا-سوچا-خلیج-فارس-سے-کوئی-سپلائی-نہیں-کرسکے-گا-حسن-روحانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org