0
Wednesday 5 Dec 2018 12:06

پشاور میں تاجروں سے افغان طالبان کے نام پر بھتہ وصول ہونے لگا

پشاور میں تاجروں سے افغان طالبان کے نام پر بھتہ وصول ہونے لگا
اسلام ٹائمز۔ پشاور ڈسٹرکٹ کونسل کو بتایا گیا ہے کہ افغانستان جانے والے ہر ٹرک سے مارکیٹ میں افغان طالبان کے نام پر 5 ہزار روپے رشوت وصول کی جارہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کونسل پشاور کے اپوزیشن لیڈر سید ظاہر نے دعویٰ کیا کہ افغانستان جانے والے ٹرکوں سے پشاور کی مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی جانب سے بھتہ وصول کیا جارہا ہے جبکہ جو شخص دینے سے انکار کر رہا ہے اسے افغانستان سے دھمکی آمیز کال موصول ہورہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ ٹرک مالکان کے پاس پیسے دینے کے علاوہ کوئی راستہ موجود نہیں ہے۔

نامعلوم افراد کی جانب سے دی جانے والی بھتے کی پرچی پر نام نہاد امارتِ اسلامیہ افغانستان کے اقتصادی و مالیاتی کمیشن کا لوگو بنا ہوا ہے، جس پر ٹرک کے نمبر، ڈرائیور کے نام، وصول کی جانے والی رقم اور دیگر تفصیلات کا اندراج کیا جارہا ہے۔ پشاور کی پھل اور سبزیوں کی مارکیٹ میں جب کچھ تاجروں اور ٹرک ڈرائیور سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھتہ دینے کی تصدیق بھی کی۔ ایک تاجر نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ ’میں نہیں جانتا کہ جو لوگ بھتہ وصول کر رہے ہیں وہ افغان طالبان ہیں یا نہیں لیکن یہ بالکل سچ ہے کہ پھل اور سبزیوں کی مارکیٹوں میں کچھ لوگ بھتے کی پرچیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھتہ خوری کا یہ سلسلہ تقریباً 2 ماہ سے جاری ہے جہاں 2 موٹر سائیکل سوار افغانستان جانے کیلئے تیار ہونے ولے ٹرکوں سے بھتہ وصول کرنے کیلئے پہنچ جاتے ہیں۔

تاجر نے بتایا کہ اگر مارکیٹ میں ان سے ٹرک چھوٹ جاتا ہے تو وہ اس کا پیچھا کرتے ہوئے رنگ روڈ تک پہنچ جاتے ہیں اور ٹرک ڈرائیور کو بھتہ دینے پر مجبور کرتے ہیں۔ پھلوں کے ایک تاجر نے کہا کہ وہ عسکریت پسندوں کے خلاف مزاحمت نہیں کر سکتے کیونکہ اگر انہوں نے پیسے دینے سے انکار کر دیا تو کون ان کی حفاظت کرے گا۔ اپوزیشن لیڈر سید ظاہر نے پشاور کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران حمید شیخ سے مطالبہ کیا کہ وہ مارکیٹ میں ہونے والی اس بھتہ خوری کا نوٹس لیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بھتہ خوری کے ان واقعات کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے کارروائی کیلئے پولیس کے سامنے اٹھایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 764967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش