QR CodeQR Code

وزیراعلٰی پختونخوا نے بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل کی حتمی ڈیڈ لائن دیدی

5 Dec 2018 12:34

سرحد چیمبر آف کامرس وفد کے ساتھ گفتگو کے دوران محمود خان نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے میں نئے فیچرز شامل کئے گئے ہیں اور انہی اضافی کاموں کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا، بی آر ٹی کیلئے مارچ حتمی ڈیڈ لائن ہے اور اپریل میں بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل کی حتمی ڈیڈ لائن دیدی۔ سرحد چیمبر آف کامرس کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر وزیراعلٰی نے کہا کہ بی آر ٹی پراجیکٹ اگلے سال مارچ تک ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، جبکہ متعلقہ محکمے، صوبائی حکام، ٹھیکیدار اور کمپنی کو منصوبہ مقررہ ڈیڈ لائن پتک مکمل کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ وزیراعلٰی محمود خان نے کہا کہ بعض عناصر صوبے کے سب سے بڑے پراجیکٹ بارے شکوک و شبہات پھیلا رہے ہیں جبکہ ان کی جانب سے دیا جانے والا تاثر بالکل غلط ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ بی آر ٹی اور سوات ایکسپریس وے دونوں منصوبے مقررہ ٹائم فریم کے اندر مکمل کئے جائیں گے۔

محمود خان نے کہا کہ مذکورہ منصوبے نہایت اہمیت کے حامل ہیں جن کے ساتھ صوبے کا نقشہ تبدیل ہو جائے گا اور یہ کہ انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات دیں ہیں کہ منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں جبکہ غفلت و کوتاہی کی صورت کمپنی اور ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری اہلکاروں کو بھی سزا دی جائے گی۔ وفد کے ساتھ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے میں نئے فیچرز شامل کئے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے کا اضافی کام پہلے مرحلے میں شامل کیا گیا ہے جس کی باقاعدہ منظوری لی گئی ہے اور انہی اضافی کاموں کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔ وزیراعلٰی محمود خان نے کہا کہ بی آر ٹی کیلئے مارچ حتمی ڈیڈ لائن ہے اور اپریل میں بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی۔


خبر کا کوڈ: 764974

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/764974/وزیراعل-ی-پختونخوا-نے-بی-آر-ٹی-منصوبے-کی-تکمیل-حتمی-ڈیڈ-لائن-دیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org