0
Wednesday 5 Dec 2018 13:42

ہم فلسطینی تھے کہ ہمارے اوپر گولیاں چلائی گئیں؟، اب تفتیش صفر پر آگئی، طاہرالقادری

ہم فلسطینی تھے کہ ہمارے اوپر گولیاں چلائی گئیں؟، اب تفتیش صفر پر آگئی، طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت شروع ہوگئی ہے اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری خود دلائل دے رہے ہیں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوبارہ تحقیقات اور نئی جے آئی ٹی بنانے کیلئے درخواست کی سماعت کی تو عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور خود دلائل دیتے ہوئے عدالت کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ درج نہ ہونے پر اسلام آباد میں دھرنا دیا۔

طاہرالقادری نے واقعے کی جے آئی ٹی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی مظلوم کا بیان تفتیش میں ریکارڈ نہیں کیا گیا، کسی جے آئی ٹی نے زخمی کا بیان ریکارڈ نہیں کیا، ایسی تفتیش کو تفتیش کہا جا سکتا ہے؟ یتیم لوگ کہتے تھے ہمیں انصاف نہیں ملے گا، طاہرالقادری عدالت میں آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ کیا ہم فلسطینی تھے جو ہم پراسرائیلی فوج نے گولیاں چلائیں۔

طاہر القادری نے کہا کہ ٹرائل دوبارہ صفر کی سطح پر آگیا ہے، چار سال ہمارے ملزم اقتدار میں تھے، اس کیس میں تفتیش کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے، پولیس نے پہلی جے آئی ٹی میں اندراج مقدمہ کی درخواست تسلیم کی، دو ماہ دھرنا دینے کے بعد ایف آئی آر درج ہوئی، لیکن دوبارہ تفتیش میں ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کا ذکر نہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پہلے بھی روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کا حکم دیا تھا، اس سے زیادہ تیز انصاف کیا دے سکتے تھے؟۔ طاہر القادری نے کہا کہ یہ جاننا ضروری تھا کہ واقعہ کیوں پیش آیا، کڑیاں نہ ملائی جائیں تو تفتیش ہی نہیں ہوگی، ہمارے کیس کی آج تک تفتیش نہیں ہوئی، ہم بنیادی طور پر ازسرنو تفتیش کروانا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے طاہرالقادری سے کہا کہ آپ نے دھرنا دے دیا لیکن عدالتوں میں نہیں آئے، عدالت سمیت ہر کام کو دھرنا دیکر مفلوج کیا گیا، آپ کو پہلے ہی اس عدالت میں آنا چاہیے تھا، جن لوگوں کے پاس آپ جاتے تھے وہ عدلیہ سے بڑے نہیں، آپ ان کے پاس گئے جن کا مقدمہ سے تعلق نہیں تھا، دھرنے والوں نے عدالت پر پھٹی پرانی قمیضیں لٹکائی، کیا یہ عدالت کی تکریم ہے؟، ججز کا بھی راستہ روکا گیا، آپ نے مناسب قانونی حکام سے رجوع نہیں کیا۔

نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ عوامی تحریک جے آئی ٹی میں پیش نہیں ہوئی، جے آئی ٹی میں حساس اداروں کے لوگ بھی شامل تھے۔ طاہرالقادری نے جواب دیا کہ گرفتاریاں ہو رہی تھی جے آئی ٹی میں کون اور کیسے جاتا؟ بار بار کہا پنجاب حکومت اور وزیر اعظم ہمارے ملزم ہیں، کیا ڈی ایس پی وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ کےخلاف تفتیش کر سکتا ہے، الزام چاہے غلط ثابت ہو جائیں لیکن تفتیش ہونی چاہیے، بیریئر ہٹانے کیلئے ہمیں کوئی نوٹس نہیں ملا تھا بلکہ اصل ایجنڈا لانگ مارچ کو روکنا تھا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے دیکھنا ہے جے آئی ٹی آزاد تھی یا نہیں اور آپ کا نقطہ ہے کہ تحقیقات شفاف نہیں ہوئیں۔ واضح رہے کہ 17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے باہر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے پولیس کی جانب سے آپریشن کیا گیا جس کے دوران مزاحمت پر پولیس کی فائرنگ سے 14 افراد جاں بحق اوردرجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ سپریم کورٹ نے واقعے کی نئی جے آئی ٹی بنانے کی درخواست پر نوازشریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ، چوہدری نثار، خواجہ آصف، پرویز رشید، عابد شیر علی اور اٹارنی جنرل سمیت 146 افراد کو نوٹس جاری کیے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 764991
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش