0
Wednesday 5 Dec 2018 22:38

سندھ حکومت کا نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگانے کا فیصلہ

سندھ حکومت کا نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ حکومتِ سندھ نے نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگانے اور بغیر ٹریک کے موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے موٹر سائیکلوں کے حوالے سے قابل تعریف قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کی جانب سے نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں ٹریکر نصب کئے جائیں گے، یہ فیصلہ موٹر سائیکلوں کی چوری روکنے کیلئے کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے موٹر سائیکل میں ٹریکر اور موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی، سمری کے تحت سندھ حکومت نے نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگانے کا فیصلہ کیا ہے، ٹریکر لگانے کی سمری منظور ہونے کے بعد قانون لاگو ہو جائے گا۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ ٹریکر لگانے سے موٹر سائیکل چوری ہونے کے بعد ٹارگٹ کلنگ اور دیگر کارروائیوں میں استعمال ہونے سے بچ جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریکر والی موٹر سائیکل ہی محکمہ ایکسائز میں رجسٹرڈ ہوگی، اس کیلئے تمام اداروں کو پابند کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے موٹر سائیکل سواروں پر ہیلمٹ کے استعمال کی پابندی لاگو کی جا چکی ہے، تاہم عوام کی جانب سے تازہ ترین فیصلے کو سراہا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا تھا کہ اس طرح کے فیصلے سے اگر موٹر سائیکلوں کی چوری روکنے میں مدد ملے گی، تو یہ ایک قابل تعریف اقدام ہے۔
خبر کا کوڈ : 765083
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش