QR CodeQR Code

وفاقی کابینہ نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانیکی تجویز مسترد کر دی

6 Dec 2018 22:30

ذرائع نے اسلام ٹائمز کو بتایا کہ عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کئی وزراء نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانیکی مخالفت کر دی، جسکے بعد فیصلہ کیا گیا کہ جی بی کو آئینی ترمیم کے ذریعے عبوری صوبہ بنانے کے بجائے کسی اور طریقے سے پیکج دیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ نے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کی تجویز مسترد کر دی۔ جمعرات کے روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گلگت بلتستان میں اصلاحات کا ایجنڈا زیر بحث آیا۔ ذرائع نے اسلام ٹائمز کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان سمیت وفاقی کابینہ کے کئی ارکان نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کی شدید مخالفت کر دی، جس کے بعد عبوری صوبے کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا، کابینہ نے فیصلہ کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت کمیٹی کی سفارشات کے مطابق گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ یا کوئی بھی صوبائی طرز کا سیٹ اپ دینے کیلئے آئینی ترمیم کی طرف نہیں جائے گی، تاہم بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے کوئی اور طریقہ اپنایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبوری صوبے کا آپشن بند ہونے کے بعد اب گلگت بلتستان کو ایک اور آرڈر کے ذریعے اصلاحاتی پیکج دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذمہ دار ذرائع نے اسلام ٹائمز کو بتایا کہ کابینہ کے اجلاس کے دوران ایک وزیر نے کہا کہ ہمیں کشمیری رہنماؤں کے مسلسل فون آرہے ہیں، اگر گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنایا گیا تو احتجاج شروع ہوگا اور مسائل بڑھ جائیں گے۔ ایک اور وزیر نے موقف اختیار کیا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی راہ میں بین الاقوامی رکاوٹیں حائل ہیں، صوبہ بنانے سے عالمی سطح پر شور شرابہ ہوگا، لہٰذا حکومت آئینی ترمیم کی طرف نہ جائے۔ ذرائع کے مطابق عبوری صوبے کی تجویز کی خود وزیراعظم عمران خان نے بھی مخالفت کر دی، جس کے بعد گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے یا آزاد کشمیر طرز کا سیٹ اپ دینے کا باب بند ہوگیا ہے۔ ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ حکومت موجودہ آرڈر میں بعض ترمیم کی تیاریاں کر رہی ہے، ایک اور آرڈر کے ذریعے گلگت بلتستان کو حقوق کی فراہمی کی کوشش کی جائے گی، تاہم حکومت عبوری صوبہ بنانے کیلئے آئین میں ترمیم کی طرف نہیں جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 765294

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/765294/وفاقی-کابینہ-نے-گلگت-بلتستان-کو-عبوری-صوبہ-بنانیکی-تجویز-مسترد-کر-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org