0
Friday 7 Dec 2018 11:08

وزیراعظم کی نیب پر تنقید، چیئرمین نے حکومت کے دعوے مسترد کر دیئے

وزیراعظم کی نیب پر تنقید، چیئرمین نے حکومت کے دعوے مسترد کر دیئے
اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وزیر اعظم عمران خان کے اس دعوے کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ نیب کی جانب سے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی شرح محض 7 فیصد ہے۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کچھ دن پہلے نیب کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ ادارے کی مجرموں کو سزا دینے کی شرح 7 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کے وزیراعظم اس کے ساتھ زیرو لگانا کیوں بھول گئے کیوںکہ اصل میں نیب کی جانب سے مجرموں کو سزا دینے کی شرح 70 فیصد ہے، یہ میں پوری ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں۔ واضح رہے کہ حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ نیب کا مجرموں کو سزا دینے کا تناسب 7 فیصد ہے جبکہ ملائیشیا میں یہ شرح 90 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ چیئرمین نیب نے وفاقی حکومت کو نیب کو بھرپور فنڈز فراہم نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا، جس کی وجہ سے ادارہ سخت مالی مشکلات میں ہے۔

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ مجھ پر تنقید کرتے ہیں تو کوئی بات نہیں لیکن اگر آپ بغیر کسی وجہ کے نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں تو میں چپ نہیں رہوں گا اور ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے میں اس کا دفاع کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کو انتہائی محدود بجٹ دیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے سخت محنت کے عوض دیئے جانے والے معاوضے اور ہائرنگ کی سہولیات بھی بہت کم ہیں۔ حال ہی میں نیب کی جانب سے ایک ارب روپے فنڈز جاری کرنے کی درخواست مسترد ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے چیئرمین نیب کا مزید کہنا تھا کہ جب کسی سرکاری ادارے کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے تو نیب کا معاوضہ روک دیا جاتا ہے یا اس کے بجٹ میں کٹوتی کردی جاتی ہے لیکن ان حرکتوں کی وجہ سے نیب کا قافلہ نہیں رکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب مشکلات برداشت کرلے گا لیکن ہر سطح پر احتساب کے اپنے اصولوں پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا مزید کہنا تھا کہ وہ تمام افراد جو حکومت یا اپوزیشن میں ہیں اور بدعنوانی کا ارتکاب کر کے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، انہیں اللہ کے سامنے، نیب اور ملک کی عدالتوں میں جواب دینا پڑے گا۔ دوسری جانب ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر افتخار درانی کا کہنا تھا کہ نیب میں اصلاحات کی گنجائش ہے، انہوں نے کہا تھا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ ہے کہ نیب کو مزید اضافی فنڈز نہیں دینے چاہیئے۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ حکومت نے نیب کی جانب سے ریکوری اینڈ ریوارڈ فنڈ کے تحت ایک ارب روپے جاری کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔ ادارے کے مطابق حکومت کی جانب سے نیب کو 1.6 ارب روپے کی ادائیگی کی جانی ہے کیوںکہ بینک فراڈ معاملے میں ہونے والی وصولیوں میں 2 فیصد حصہ نیب کا بھی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 765333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش