QR CodeQR Code

کراچی کو پٹے پر دینے اور نیا نو آبادیاتی نظام وضع کرنیکی تیاری ہو رہی ہے، فاروق ستار

7 Dec 2018 15:26

کراچی پریس کلب میں ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کیجانب سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سپریم کورٹ نے صرف ناجائز قابضین اور تجاوزات کو ہٹانے کا حکم دیا ہے، تاہم وسیم اختر اور کے ایم سی کے افسران، مراد علی شاہ اور سعید غنی ظلم ڈھا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کو پٹے پر دینے اور نیا نو آبادیاتی نظام وضع کرنے کی تیاری ہو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سپریم کورٹ نے صرف ناجائز قابضین اور تجاوزات کو ہٹانے کا حکم دیا ہے، تاہم وسیم اختر اور کے ایم سی کے افسران، مراد علی شاہ اور سعید غنی ظلم ڈھا رہے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ جہاں تجاوزات صاف کی جا رہی ہیں، اس سے سب خوش ہیں، فٹ پاتھ خالی ہونے چاہیے  اور سڑکیں ٹریفک کیلئے خالی ہونی چاہیے، اس مقصد کیلئے ہم ساتھ ہیں، لیکن آپریشن کرنے والے بدنیتی سے کام کر رہے ہیں اور سپریم کورٹ کے حکم کی نفی اور توہین کی جا رہی ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ جب کوئی بڑے منصوبے بنتے ہیں، تو انکروچرز کو بسایا جاتا ہے، جیسے تربیلہ اور منگلہ ڈیم کے متاثرین کو باعزت منتقل کیا گیا، لیکن کراچی میں راتوں رات شب خون مارا گیا، روزگار چھینا گیا اور گھروں کے چولے بند کر دیئے، یہ سراسر ظلم ہے، جسے بند ہونا چاہیے، ہم نے تہیہ کیا ہے کہ اب یہ توڑ پھوڑ برداشت نہیں کریں گے۔ فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کو پٹے پر دینے اور نیا نو آبادیاتی نظام وضع کرنے کی تیاری ہو رہی ہے، ہماری معیشت کو اگر پٹے پر دیا جائیگا، تو ہمیں منظور نہیں ہے، ہم سب کی محنت پر پانی پھر جائیگا، آنکھ بند کرکے آپریشن نہ کریں، اس سے بدامنی اور جرائم میں اضافہ ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 765371

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/765371/کراچی-کو-پٹے-پر-دینے-اور-نیا-نو-آبادیاتی-نظام-وضع-کرنیکی-تیاری-ہو-رہی-ہے-فاروق-ستار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org