0
Saturday 8 Dec 2018 11:27

وزیراعظم کا 5 وزراء کو برطرف کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم کا 5 وزراء کو برطرف کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی کابینہ کے پانچ وزراء کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق حکومت کے اصلاحاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ بننے والے وزراء کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اپنی کابینہ کے 5 وزراء کی کارگردگی سے انتہائی ناخوش ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حکومت کے اصلاحاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ بننے والے 5 وزراء کو برطرف کرنے یا ان کی وزارت تبدیلی کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جن 5 وزراء سے وزارتیں واپس لئے جانے پر غور کیا جا رہا ہے، ان وزراء کی 100 روزہ کارگردگی مایوس کن رہی۔ یہ وزراء اپنی وزارتوں کے تحت نہ کوئی خاطر خواہ کام کرسکے، نہ ہی وزارتوں کو بہتر انداز میں چلا سکے۔ ان وزراء کی بیوروکریسی سے ہم آہنگی بھی قائم نہ ہوسکی۔ اسی باعث ان وزراء کو فارغ کئے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ جن وزارتوں سے وزراء کو فارغ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، ان میں وزارت خزانہ، منصوبہ بندی، صحت، بین الصوبائی رابطہ اور لیبر شامل ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کا خصوصی اجلاس پیر کی صبح ساڑھے دس بجے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔ اجلاس میں وزارتوں اور ڈیژنوں کو اپنی کارگردگی دکھانے کا موقع دیا جائے گا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم فرداً فرداً ہر وزیر، مشیر اور معاون خصوصی کی کارگردگی کا جائزہ لیں گے۔ پر وزارت اور ڈویژن کو بریفنگ کے لئے دس منٹ دیئے جائیں گے اور بریفنگ کے بعد 5 منٹ سوالات اور جوابات کے لئے رکھے جائیں گے۔ مخلتف وزارتوں اور ڈویژنوں کی کارگردگی رپورٹ 27 نومبر کو وزیراعظم کو جمع کروائی گئیں تھیں۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے وزراء کی پہلے سو دنوں کی کارگردگی قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارتوں کو پہلے مرحلے کی کارگردگی کی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی تھی، جبکہ عمران خان پہلے بھی اس بات کا اعلان کرچکے ہیں کہ اگر کوئی وزیر کام نہیں کر رہا تو وہ کرپشن کے زمرے میں آرہا ہے۔ وزراء کی کارکردگی کو باقاعدہ اعداد و شمار کے لحاظ سے دیکھا گیا، جس کے مطابق تین وزاتوں کی کارگردگی بہتر رہی۔ جن میں وزارت داخلہ، وزارت خزانہ اور وازرت اطلاعات شامل ہیں۔ جس میں وزارت داخلہ کی کارگردگی 43 فیصد، وزارت خزانہ 13 فیصد اور وزیر اطلاعات کی کارکردگی 11 فیصد رہی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کیا ان تین وزاتوں کے علاوہ کسی کے پاس کارکردگی دکھانے کو کچھ ہے۔؟ وزیراعظم نے کئی وزراء کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا۔ عمران خان نے کہا کہ تین ماہ بعد میں ایک بار پھر سے رپورٹ چیک کروں گا اور کارکردگی نہ دکھانے والوں کو اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 765480
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش