0
Saturday 8 Dec 2018 19:17

جامع مسجد سرینگر، حیدر پورہ، رعناواری اور کرالہ پورہ میں احتجاجی دھرنے

جامع مسجد سرینگر، حیدر پورہ، رعناواری اور کرالہ پورہ میں احتجاجی دھرنے
اسلام ٹائمز۔ ہفتہ انسانی حقوق کے پانچویں روز بھی مقبوضہ کشمیر میں مبینہ انسانی حقوق پامالیوں کے خلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت کے احتجاجی پروگرام کی پیروی میں حیدر پورہ، جامع مسجد، خانقاہ معلی، رعناواری، کرالہ پورہ اور دیگر مقامات پر احتجاجی جلوس برآمد ہوئے۔ مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے بعد ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کی اور مظاہرے کے دوران حقوق انسانی کے ہفتے کی تقریبات کو طاقت کے بل پر ناکام بنانے، حریت کارکنوں اور قائدین کی گرفتاری، پُرامن احتجاجیوں کے خلاف طاقت کے بیجا استعمال کے حکومتی ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کی گئی۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے قائدین اور کارکنان جن میں محمد یوسف نقاش، بشیر احمد عرفانی، محمد رفیق اویسی، محمد یاسین عطائی، سید محمد شفیع،  امتیاز احمد شاہ، خواجہ فردوس، رمیز راجہ، عاشق حسین، محمد مقبول ماگامی، سید امتیاز حیدر، عبدالرشید ڈار، عبدالاحد ڈار، محمد رفیق شاہ، محمد حنیف ڈار کے علاوہ کارکنان اور عوام کی خاصی تعداد نے حیدرپورہ میں جموں کشمیر میں ہورہے قتل عام، ظلم و جبر اور گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا۔

اسی طرح کا احتجاج امام باڑہ رعناواری اور کرالہ پورہ میں بھی ہوا۔ اس دوران تحریک حریت کے صدر ضلع سرینگر محمد رفیق اویسی نے جامع مسجد حیدرپورہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائدین و کارکنان کو انسانی حقوق کا ہفتہ منانے سے پہلے ہی خانہ اور تھانہ نظربند کردیا گیا۔ خانقاہ معلیٰ میں تحریک حریت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف احتجاج کیا گیا اور مختار احمد صوفی نے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 765555
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش