QR CodeQR Code

کراچی انسداد تجاوزات آپریشن پر فاروق ستار اور وسیم اختر میں لفظی جنگ جاری

8 Dec 2018 15:36

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق متحدہ رہنما فاروق ستار نے کہا کہ وسیم اختر آپ کو کراچی بنانے کا ووٹ ملا تھا، برباد کرنے کا نہیں، اب آؤ ووٹ لیکر دکھاؤ کراچی سے، اب عوام انہیں ووٹ نہیں دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم کے سابق رہنما فاروق ستار نے تجاوزات کے خلاف آپریشن پر میئر کراچی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وسیم اختر کو کراچی برباد کرنے کا ووٹ نہیں ملا تھا۔ تفصیلات کے مطابق مقدمات کی سماعت کیلئے کراچی کی انسداددہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سابق رہنما فاروق ستار نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر اور سپریم کورٹ کے احکامات کے آڑ میں لوگوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے، وسیم اختر آپ کو کراچی بنانے کا ووٹ ملا تھا، برباد کرنے کا نہیں، اب آؤ ووٹ لیکر دکھاؤ کراچی سے، اب عوام انہیں ووٹ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کاروبار چھینا جا رہا ہے، 5 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، لوگوں کو بیروزگار کرکے جرائم کو بڑھایا جا رہا ہے، چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ متاثرین سے ملیں اور دیکھیں کہ ان کے حکم کے آڑ میں کیا کیا جا رہا ہے، بغیر متبادل دیئے رہائشی علاقوں سے اسکول خالی کرائے جا رہے ہیں، کے ایم سی کے دستاویزات کے مطابق کرایہ داروں کو متبادل دینا چاہیے۔

دوسری جانب وسیم اختر نے فاروق ستار کے لفظی تیروں کا جواب دیتے ہوئے کہ اگر میں نے کراچی کو برباد کیا، تو فاروق ستار نے ایم کیو ایم کو تباہ کیا ہے، میں ان کی باتوں کا کیا جواب دوں، مجھے تو یہ بھی نہیں پتا کہ وہ کونسی جماعت میں ہیں، دکانیں وہ توڑی گئیں، جو کے ایم سی نے کرائے پر دی تھی، اب سپریم کورٹ کو ہی فیصلہ کرنا ہے کہ تجاوزات کے حوالے سے مزید کیا کرنا ہے۔ اس موقع پر عامر خان نے کہا کہ فاروق ستار کیلئے میں دعاگو ہوں، اللہ تعالی ان کو ہدایت دے، وہ ایم کیو ایم کا اب حصہ نہیں، ان کی کسی بھی بات کا جواب نہیں دینگے، انہیں چاہیے کہ وہ اب ایم کیو ایم کا نام اور جھنڈا استعمال کرنا بند کریں، دکانیں سندھ حکومت کی وجہ سے توڑی گئیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور کے ڈے اے سندھ حکومت کے ماتحت ہیں۔


خبر کا کوڈ: 765558

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/765558/کراچی-انسداد-تجاوزات-ا-پریشن-پر-فاروق-ستار-اور-وسیم-اختر-میں-لفظی-جنگ-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org