0
Saturday 8 Dec 2018 18:07

خیبر پختونخواہ کے تمام اضلاع میں 10 دسمبر سے 3 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

خیبر پختونخواہ کے تمام اضلاع میں 10 دسمبر سے 3 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختو نخوا کے تمام اضلاع میں پیر 10 دسمبر سے تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے، جس کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 58 لاکھ 87 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا میں ای او سی کوآرنیٹر محمد عابد خان وزیر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائر یکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اکرم شاہ، یو نیسیف ٹیم لیڈ ڈاکٹر محمد جوہر خان، بی ایم جی ایف کے فوکل پرنس ڈاکٹر امتیاز اعلی شاہ، ڈبلیو ایچ او کے ٹیم لیڈ ڈاکٹر عبدی ناصر، این سٹاف کے ڈاکٹر اعجازاعلی شاہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایمر جنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے کو آرڈینیٹر محمد عابد خان نے اجلاس کے شرکاء کو انسداد پولیو سے متعلق اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم پیر 10 دسمبر سے صوبہ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں بیک وقت شروع ہو رہی ہے جو 13 دسمبر تک جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران صوبہ کی مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ افغان مہاجر ین اور ٹی ڈی پیز کے 112 کیمپوں میں مجموعی طور پر 5 سال سے کم عمر کے 58 لاکھ 87 ہزارسے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس اہم مہم کی کامیابی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ ہیلتھ ورکرز پر مشتمل 27 ہزار 259 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 19 ہزار 374 موبائل ٹیمیں، ایک ہزار 623 فکسڈ ٹیمیں، 996 ٹرانزٹ ٹیمیں اور 182 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ مہم کی موثر نگرانی کے لئے 5 ہزار 87 ایریا انچارجز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ ای او سی کوآرڈنیٹر کے مطابق مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، جس کے لئے 32 ہزار پولیس اہلکار اپنی فرائض سرانجام دینگے۔ اجلاس کے شرکاء نے ایمر جنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا کے زیراہتمام صوبہ میں انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں اٹھائے جانیوالے اقدامات کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ اس موزی مرض کا مستقل خاتمہ ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 765578
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش