0
Saturday 8 Dec 2018 21:53
ایران پاکستان کو اپنا برادر ملک تصور کرتا ہے، علی لاریجانی

پاکستان اور ایران کے دوست، دشمن اور مقاصد سانجھے ہیں، اسد قیصر

پاکستان اور ایران کے دوست، دشمن اور مقاصد سانجھے ہیں، اسد قیصر
اسلام ٹائمز۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر علی لاریجانی سے تہران میں اسپیکر کانفرنس کے دوران اہم ملاقات کی ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں، پاکستان ایران کے ساتھ پہلے سے موجود دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے، دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے دونوں ممالک کے ارکان پارلیمنٹ کو رابطوں میں تیزی لانا ہوگی، اسد قیصر نے کہا کہ دونوں اقوام مذہب، تاریخ اور ثقافت کے اٹوٹ رشتوں سے بندھی ہوئی ہیں۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاک ایران تعلقات خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے اشد ضروری ہیں، دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت ہے، مسلم اُمہ کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، اس اتحاد کے ذریعے ہی ہم موجودہ چیلیجز کا سامنا کرسکتے ہیں۔ ایرانی اسپیکر علی لاریجانی نے گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کو اپنا برادر ملک تصور کرتا ہے اور پہلے سے موجود تعلقات کو مزید توانا کرنے کے لئے مختلف شعبوں میں تعاون کرنے کا خواہاں ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اٹوٹ ہیں، دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے نظر آئے ہیں۔ خطے میں امن قائم کرنے کے لئے پاکستان ایران کا شراکت دار ہے، مستقبل میں ترقی کے زینوں پر چڑھتے ہوئے اپنی اپنی عوام کے لئے خوشحالی لے کر آئیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوری ایران کی مجلس شوریٰ اسلامی (پارلیمنٹ) کے اسپیکر نے انسداد دہشتگردی کے شعبے میں ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا مقصد علاقائی ممالک کو نقصان پہنچانا ہے، لہذا اس لعنت کے خلاف مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مغوی ایرانی بارڈر گارڈز سے متعلق کہا کہ ہمیں امید ہے کہ حکومت پاکستان یرغمال بنائے جانے والے باقی 7 ایرانی اہلکاروں کو فوری طور پر بازیاب کرائے گی۔ اس ملاقات میں ایران کے اسپیکر نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان برادر اور ہمسایہ ممالک ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی اسپیکر نے 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس کی میزبانی پر حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چابہار میں حالیہ دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی۔ اسد قیصر نے کہا کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے دوست، مسلمان اور ہمسایہ ممالک ہیں اور ہمیں ایران کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے۔ واضح رہے کہ ایران کی میزبانی میں منعقد ہونے والی دوسری اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایک پارلیمانی وفد کے ہمراہ تہران کے دورے پر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 765628
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش