0
Sunday 9 Dec 2018 00:47

کراچی، ایم کیو ایم پاکستان کے تحت محفل میلاد میں کریکر دھماکا، 6 افراد زخمی

کراچی، ایم کیو ایم پاکستان کے تحت محفل میلاد میں کریکر دھماکا، 6 افراد زخمی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے پرفیوم چوک میں محفل میلاد کے دوران بم دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ دھماکے میں ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کے کوآرڈینیٹر بابر بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو اور سکیورٹی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں، امدادی ٹیموں نے زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ سکیورٹی ٹیموں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایم کیو ایم رہنماء فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے زیر اہتمام محفل میلاد جاری تھی، جس کے دوران دھماکہ ہوا۔ آئی جی سندھ نے بم دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ خواجہ اظہار الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ سٹیج پہ موجود تھے کہ ان کے بائیں جانب ایک زوردار دھماکہ ہوا، تاہم اس بم دھماکے میں سیاسی رہنماء محفوظ رہے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پرفیوم چوک پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے تحت میلاد النبی کی تقریب میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکے سے خاتون نعت خواں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں جوہر چورنگی کے قریب نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا، ان میں ثمینہ، بابر، شہریار، حسن، فیضان اور احمد شامل ہیں۔ ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق بابر ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کے کوآرڈینیٹر ہیں جب کہ شہریار کا تعلق ایم کیو ایم کے شعبہ اطلاعات سے ہے، تاہم دونوں انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ دھماکے کے بعد پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذرائع کے مطابق دھماکا کریکر کا تھا، تقریب کے دوران کریکر سے حملہ کیا گیا، دیسی ساختہ کریکر میں 300 گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، کریکر پلاسٹک کین میں تیار کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے فٹ پاتھ کا تقریباً ڈیڑھ فٹ حصہ ٹوٹ گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کا کہنا تھا تقریب کے لئے پولیس سے اجازت لی گئی تھی نہ ہی کسی تھانے یا پولیس کو اطلاع دی تھی تاہم دھماکا نعت خوانی کے دوران ہوا۔ دھماکے کے بعد ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما فیصل سبزواری نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے تحت محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا تھا، دھماکا فٹ پاتھ کے قریب ہوا، خالد مقبول صدیقی بھی محفل میلاد میں موجود تھے، دھماکے میں ایم کیو ایم کے شعبہ اطلاعات کا کارکن بھی زخمی ہوا ہے، دھماکا فٹ پاتھ کے قریب ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے، ساتھ ہی انہوں نے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
 
خبر کا کوڈ : 765651
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش