0
Sunday 9 Dec 2018 19:22

ڈاکٹر طاہرالقادری سے مولانا طارق جمیل کی ملاقات، اتحاد امت کیلئے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق

ڈاکٹر طاہرالقادری سے مولانا طارق جمیل کی ملاقات، اتحاد امت کیلئے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے تبلیغی جماعت کے معروف رہنما مولانا طارق جمیل نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ مولانا طارق جمیل نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو 8 جلدوں پر مشتمل جامع قرآنی انسائیکلو پیڈیا تالیف کرنے پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔ مولانا طارق جمیل نے اصلاح احوال و معاشرہ، عقیدہ توحید، سیرت النبی (ص) اور اسلام کے امن و محبت کے پیغام پر مبنی موضوعات پر عظیم الشان کتب تحریر کرنے ڈاکٹر طاہرالقادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ وہ قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تقریب رونمائی میں مصروفیت کے باعث شریک نہیں ہوسکے، اس لئے مبارکباد دینے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ پر پہنچے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، نوراللہ صدیقی، شبیر احمد عثمانی، محمد منیر، طاہر رحمانی اور دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ امت میں اتحاد کو فروغ دینا میری ترجیح ہے، میری کوشش ہے کہ امت کو متحد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے اسلام کا شیرازہ بکھیرنے کیلئے فرقہ واریت اور تکفیریت کو فروغ دیا، جس کی حوصلہ شکنی کیلئے علماء کو  میدان عمل میں آنا چاہیے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مولانا طارق جمیل کی اتحاد امت کیلئے کوششوں کو بھی سراہا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اتحاد امت کیلئے کوششیں مزید تیز کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ امت کو نبی رحمت (ص) پر متحد کیا جا سکتا ہے، اگر علماء فتنہ و فساد کی حوصلہ شکنی کریں اور اپنے اپنے پیروکاروں کو اتحاد کا درس دیں تو مسلمان ایک عظیم امت بن کر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 765777
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش