QR CodeQR Code

عدل کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، ثروت اعجاز قادری

10 Dec 2018 23:46

کراچی میں سماجی و فلاحی تنظیموں کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ حکمران اگر قائداعظم محمد علی جناحؒ کو آئیڈیل مانتے ہیں، تو محروم کو چھت، غریب کو روٹی اور مظلوم کو انصاف فراہم کرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن نے ملک کو مقروض اور عوام کے حقوق کا استحصال کیا ہے، اشیاء خوردونوش کے ساتھ ادویات کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ افسوناک ہے، حکومت مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائے، کرپشن کرنے والوں کو سزا ملنا شروع ہوئی تو ملک آگے بڑھنا شروع ہو جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر سماجی و فلاحی تنظیموں کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ کرپشن اور سود کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے حکمرانوں کو عوامی منشاء و سوچ کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مشرقی پاکستان کے علیحدہ ہونے کی اہم وجہ کرپشن اور غریبوں کا استحصال تھا، پانی، بجلی، گیس سمیت ہر چیز پر غریب سے ٹیکس وصولی کے باوجود استحصال ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاتفریق انسانی حقوق کے تحفظ اور عدل کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، حکمران اگر قائداعظم محمد علی جناحؒ کو آئیڈیل مانتے ہیں، تو محروم کو چھت، غریب کو روٹی اور مظلوم کو انصاف فراہم کرنا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ معیشت میں تعمیری کردار کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، تعمیری، فلاحی و سماجی کاموں کو تقویت دیکر ہی ملک کو معاشی بحران سے نکالا جا سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 765991

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/765991/عدل-کے-بغیر-کوئی-معاشرہ-ترقی-نہیں-کر-سکتا-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org