0
Tuesday 11 Dec 2018 21:26

پاکستان کو سرسبز اور پُرامن بنانے کے لئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اعجاز عالم

پاکستان کو سرسبز اور پُرامن بنانے کے لئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اعجاز عالم
اسلام ٹائمز۔ چرچ آف پاکستان ملتان کے زیراہتمام سینٹ میریز کیتھڈرل چرچ ملتان میں کرسمس کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت چرچ آف پاکستان کے بشپ آف ملتان بشپ لیو راڈرک پال نے کی، جبکہ مہمان خصوصی صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین، ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک اور ممبرصوبائی اسمبلی سردار مہندر پال سنگھ تھے۔ کرسمس کی اس تقریب میں سماجی، سیاسی اور اقلیتی رہنمائوں سمیت مسیحی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجازعالم آگسٹین نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتی پاکستان کے اہم اور پُرامن شہری ہیں، ملک وقوم کی ترقی میں ان کا اہم کردار ہے، شعبہ تعلیم اور صحت میں ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا ہے موجود حکومت کا مشن پاکستان میں بسنے والے ہر فرد کو تمام بنیادی حقوق مہیا کرنا ہے، تاکہ وہ آسانی سے اپنی زندگی بسر کر سکیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو سرسبز اور پُرامن بنانے کے لئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ہماری آنے والی نسلوں صاف اور شفاف ماحول مہیا ہوسکے، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ ہماری اولین ذمہ داری ہے، قبضہ مافیاؤں سے کروڑوں روپے کی اراضی واگزار ہو چکی ہے، جبکہ اس سلسلے میں مزید اقدامات جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ ملتان کے مسیحی اور ہندو کمیونٹی سمیت دیگر اقلیتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چرچ آف پاکستان کے بشپ لیوراڈرک پال نے کہا کہ ملک میں ہونے والے قومی انتخابات کے بعد مثبت تبدیلی آ گئی ہے، جس کے اثرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ملتان ایک پُرامن شہر ہے جہاں تمام مسالک و مذاہب کے افراد ناصرف مل کر رہتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے غمی خوشی میں برابری کی بنیاد پر شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سے مطالبہ کیا کہ ملتان ریجن کے مختلف علاقوں میں چرچ کی اراضی پر غنڈہ عناصر نے قبضہ کر رکھا ہے اور وہ اس پاکیزہ جگہ پر غیرقانونی دھندوں میں ملوث ہیں، ایسے عناصر کے خلاف فوری طور پر اقدامات کئے جائیں، تاکہ مسیح برادری کو حقوق مل سکیں، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک، ممبر صوبائی اسمبلی سردار مہندر پال سنگھ، پادری نعیم جاوید، پادری سہراب یونس، ڈیوڈ تاج دین، شکنتلہ دیوی، پادری جاوید، سمیت دیگر نے شرکت اور خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 766180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش