0
Tuesday 11 Dec 2018 22:58
پی پی پی، نون لیگ شراب کی فروخت کی حامی

قومی اسمبلی، مولانا فضل الرحمان کی ایم ایم اے نے پی ٹی آئی کی حمایت کر دی

قومی اسمبلی، مولانا فضل الرحمان کی ایم ایم اے نے پی ٹی آئی کی حمایت کر دی
اسلام ٹائمز۔ مولانا فضل الرحمان کی ایم ایم اے نے تحریک انصاف کی حکومت کی حمایت کر دی ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے ایوان میں بل پیش کیا تھا کہ شراب کی فروخت کے اجازت نامے منسوخ کئے جائیں، مولانا فضل الرحمان کی ایم ایم اے نے اس بل کی حمایت کی ہے، جبکہ پی پی پی اور مسلم لیگ نواز دونوں نے اس بل کی مخالفت کی ہے۔ پاکستان کی سیاست میں کئی مرتبہ ایسے معاملات دیکھنے میں آتے ہیں، جو عوام کو چکرا کر رکھ دیتے ہیں۔ عمومی طور پر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی مخالفت میں اس حد تک آگے چلی جاتی ہیں کہ یوں لگتا ہے جیسے یہ کبھی ایک ساتھ نہیں بیٹھ سکتیں، تاہم پھر اچانک کسی معاملے پر یہ سیاسی جماعتیں مشترکہ مفاد دیکھتے ہوئے مخالفت کو بھول کر ساتھ بیٹھ جاتی ہیں۔ آج بھی قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کچھ ایسا ہی معاملہ ہوا۔

منگل کے روز ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اس وقت سب حیران رہ گئے، جب مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں بننے والے مذہبی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے نے حکمران جماعت تحریک انصاف کی حمایت کرنے کا اعلان کر دیا۔ منگل کے روز ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران حکمراں جماعت تحریک انصاف کے رکن رمیش کمار کی جانب سے شراب پر پابندی کے حوالے سے ترمیمی بل پیش کیا گیا۔ رمیش کمار نے ترمیمی بل پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ چونکہ شراب تمام مذاہب میں حرام ہے، اس لئے اس کے استعمال اور اس کی فروخت پر پابندی عائد کی جائے۔ رمیش کمار کی جانب سے پیش کئے گئے ترمیمی بل کی مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی نے مخالفت کی، تاہم اپوزیشن پارٹی متحدہ مجلس عمل نے اس بل کی منظوری کیلئے حکمراں جماعت تحریک انصاف کا ساتھ دیا، مگر اس کے باوجود شراب پر پابندی کا ترمیمی بل منظور نہ ہو پایا۔ حکومت اپنے اکثریتی اراکین کی غیر حاضری کے باعث بل منظور کروانے میں ناکام رہی۔
خبر کا کوڈ : 766194
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش