0
Wednesday 12 Dec 2018 19:35

ملتان، فلاح انسانیت فائونڈیشن کے زیراہتمام تھرپارکر کے متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ

ملتان، فلاح انسانیت فائونڈیشن کے زیراہتمام تھرپارکر کے متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ
اسلام ٹائمز۔ جماعة الدعوة کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فائونڈیشن ملتان کی جانب سے تھرپارکر کے متاثرین کے لئے امدادی سامان کی بڑی کھیپ روانہ کر دی گئی، امدادی سامان میں 200 خاندانوں کے لئے خشک راشن، بستر، ملبوسات، بچوں کے لئے اسٹیشنری کا سامان، کتابیں اور 5 لاکھ مالیت کی ادویات شامل ہیں۔ قافلے کے ساتھ آٹھ رکنی میڈیکل ٹیم بھی روانہ کی گئی ہے، جو تھرپارکر کے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگائے گی۔ امدادی سامان روانہ کرتے ہوئے جماعة الدعوة جنوبی پنجاب کے مسئول ابو معاذ عمران کا کہنا تھا کہ ملتان سے تھرپارکر کے قحط سے متاثرہ 200 خاندانوں کے لئے 10 لاکھ روپے کا خشک راشن اور ملبوسات روانہ کر دیئے ہیں، جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں سے بھی امدادی سامان روانہ کریں گے، اس موقع پر جماعة الدعوة ملتان کے مسئول میاں سہیل احمد، ملتان ایف آئی ایف کے ناظم رانا نصرللہ، عابد ربانی، محمد ثاقب، قاری محمد نعیم، محمد عمران، جاوید اقبال بھی موجود تھے۔

ابو معاذ عمران نے کہا کہ اس وقت تھرپارکر میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے قحط کی صورتحال ہے، لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں، اپنے جانوروں و دیگر سازوسامان سمیت علاقہ چھوڑ رہے ہیں، 5 سو سے زائد بچے خوراک کی کمی اور ادویات نہ ملنے کے باعث فوت ہوچکے ہیں، چارہ نہ ہونے کی وجہ سے جانور مر رہے ہیں، اس مشکل ترین صورتحال میں جماعة الدعوة کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فائونڈیشن نے امدادی آپریشن کا آغاز کیا ہے، ملتان سے امدادی سامان کی بڑی کھیپ روانہ کر دی ہے، امدادی سامان میں خشک راشن میں آٹا، چاول، گھی، چینی، دالیں و دیگر اشیاء جبکہ سردیوں میں استعمال کیلئے گرم بستر، گفٹ آئٹم اور دو ہزار خواتین اور بچوں کیلئے کپڑے اور جوتے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی ایف تھرپارکر سندھ میں سولر سسٹم کے ذریعہ ٹیوب ویل چلا رہی ہے، جہاں ریت اڑتی تھی وہاں کھیت آباد اور فصلیں اگ رہی ہیں، اب تک 2800 پانی کے منصوبہ جات مکمل کئے جا چکے ہیں، جن سے لاکھوں مسلم و غیر مسلم آبادی مستفید ہو رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 766346
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش