QR CodeQR Code

سامراجی ممالک نے پاکستان کو سودی قرضوں کے جال میں جکڑ رکھا ہے، ثروت اعجاز قادری

12 Dec 2018 22:56

اپنے ایک بیان میں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ اسلامی ممالک کو استحصالی قوتوں سے چھٹکارا دلانے کیلئے مسلم ممالک کے سربراہوں کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا، او آئی سی مسلم ممالک میں امریکا، اسرائیل اور دیگر مغربی ممالک کے اثرورسوخ اور تسلط کو ختم کرنے کیلئے فعال کردار ادا کریں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن اور رشوت کا سرطان نیچے سے اوپر تک پھیلا ہوا ہے، سامراجی ممالک نے ملک کو سودی قرضوں کے جال میں جکڑ رکھا ہے، مستقبل کیلئے ایسے نظام کی جدوجہد کرنا ہوگی، جس میں سودی نظام کی لعنت نہ ہو۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عوام کو تعلیم سے دور کرنے والے عوامی انقلاب ترقی و خوشحالی کا فروغ نہیں چاہتے، عوام میں شعور اور تعلیم ہوگی تو سیاسی وڈیرے، جاگیردار اور سرمایہ دار عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو استحصالی قوتوں سے چھٹکارا دلانے کیلئے مسلم ممالک کے سربراہوں کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا، او آئی سی مسلم ممالک میں امریکا، اسرائیل اور دیگر مغربی ممالک کے اثرورسوخ اور تسلط کو ختم کرنے کیلئے فعال کردار ادا کریں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کالا دھن اور کرپشن کرنیوالوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی پر کاری ضرب لگائی ہے، ملک و قوم کا استحصال کرنیوانوں کو قانون کی روح کے مطابق انجام تک پہنچتا دیکھنا چاہتے ہیں، کالا دھن جمع کرنیوالے خوشحال اور غریب دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان حال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آمرانہ غاصبانہ سوچ رکھنے والوں نے ملک کو ہر دور میں نقصان پہنچایا ہے، کرپشن اور کالادھن کو روکنے کیلئے انقلابی قوانین بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری وسیاسی اور عوام کی منشاء پر مبنی فیصلے ملک کی ترقی کا ضامن ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنت کے کھوئے ہوئے تشخص کی بحالی کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے، ملک کو آگے لیجانا ہے تو محب وطن قوتوں کو آگے لانا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 766366

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/766366/سامراجی-ممالک-نے-پاکستان-کو-سودی-قرضوں-کے-جال-میں-جکڑ-رکھا-ہے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org