0
Wednesday 12 Dec 2018 23:28

گرفتاریاں اور ریفرنس بنانا کافی نہیں، لوٹ مار کی پائی پائی ریکور کی جائے، پاکستان عوامی تحریک

گرفتاریاں اور ریفرنس بنانا کافی نہیں، لوٹ مار کی پائی پائی ریکور کی جائے، پاکستان عوامی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سعد رفیق کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہا کہ لوٹ مار کے ریکارڈ بنانے والوں کی ریکارڈ گرفتاریاں جاری ہیں۔ سب سے زیادہ گرفتاریاں ان کی ہو رہی ہیں، شریف برادران اور ان کے حواری ناک ناک تک کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں، ’’لوہے کا چنا‘‘ ڈاکٹر طاہرالقادری کو جون 2014ء میں پاکستان آنے پر ’’شاندار استقبال‘‘ کی دھمکیاں دیتا تھا، آج نیب کی طرف سے ان کے ’’پرتپاک استقبال‘‘ کا منظر پوری قوم دیکھ رہی ہے۔ گرفتاریاں اور ریفرنس بنانا کافی نہیں، لوٹ مار کی پائی پائی ریکور کی جائے، پاکستان چلانے کے لئے دنیا سے بھیک مانگنے کی بجائے لٹیروں کو عبرت کا نشان بنایا جائے اور ان کے حلق میں انگلی ڈال کر لوٹ مار کا مال برآمد کیا جائے۔ انہوں نے ردعمل میں کہا کہ جنہوں نے سب سے زیادہ لوٹ مار کی اور سب سے زیادہ جائز و ناجائز طریقے سے اقتدار میں آتے رہے، سب سے زیادہ گرفتاریاں بھی انہی کی ہو رہی ہیں، لوہے کا یہ چنا سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کا بھی نامزد ملزم ہے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 90ء کی دہائی تک جو موٹر سائیکل پر گھوما کرتے تھے اور ان کے گھروں کے خرچے مخیر حضرات چلاتے تھے، وہ عالیشان گھروں اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مالک کیسے بنے، اس کا جواب ضرور لیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سعد رفیق کے والد خواجہ رفیق شہید ایک معتبر سیاستدان اور صاحب کردار شخص تھے، انہوں نے جان دے دی مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہ کیا، سعد رفیق بڑے باپ کا چھوٹا بیٹا ثابت ہوا، جنہوں نے سیاست کو دولت کے پہاڑ کھڑے کرنے کا ذریعہ بنایا، وہ بھول گئے تھے کہ ایک دن یوم حساب کا بھی ہوتا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 21 ویں صدی میں آزاد میڈیا، آزاد عدلیہ اور باشعور عوام کے ہوتے ہوئے کوئی ادارہ کسی کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے اور نہ ہی انتقامی کارروائیوں کا پروپیگنڈا کرکے اداروں اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا سکتی ہے۔ محب وطن اور کرپشن کے زخم خوردہ عوام سمجھتے ہیں کہ ملک لوٹنے والوں کا احتساب ہو رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 766376
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش