0
Thursday 13 Dec 2018 15:45

کراچی میں سی این جی کی بندش کا پانچواں روز، پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم

کراچی میں سی این جی کی بندش کا پانچواں روز، پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں سی این جی مسلسل پانچویں روز بھی بند ہے جس کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ سندھ میں سی این جی کی طویل بندش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، اس سے قبل کبھی اس طرح کی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا جب کہ کراچی میں مسلسل پانچویں روز بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سندھ ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے گیس کی بندش کے معاملے پر غیر معینہ مدت کے لئے بسیں نہ چلانے کے اعلان کے بعد شہر قائد میں پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نا ہونے کے برابر ہے۔ سڑکوں پر آنے والی بسوں کی چھتوں پر بھی مسافر سوار ہیں جب کہ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں نے بھی من مانے کرائے مانگنا شروع کردیئے، پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث اسکول، کالج، یونیورسٹی اور دفاتر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ گیس کی بندش کے باعث سندھ میں 70 فیصد صنعتیں بھی بند ہوگئیں۔

بس سے سفر کرنے والے افراد نے ٹرانسپورٹ کے نظام کی ابتر صورتحال پر صوبائی حکومت کی خاموشی کو بے حسی قرار دیا ہے۔ دوسری جانب ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہےکہ فنی خرابی پر گمبٹ اور کنرپسا گیس فیلڈ سے گیس کم سپلائی ہورہی ہے، سسٹم میں پہلے سے گیس کم تھی اور فنی خرابی کی وجہ سے مزید کمی کا سامنا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ریگولر گیس ملنے پر سی این جی سیکٹر کو گیس فراہم کردیں گے تاہم اولین ترجیح گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی ہے۔
خبر کا کوڈ : 766484
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش