0
Friday 14 Dec 2018 20:54

کوئٹہ، پی بی 26 میں ضمنی انتخابات، انتخابی مہم عروج پر

کوئٹہ، پی بی 26 میں ضمنی انتخابات، انتخابی مہم عروج پر
اسلام ٹائمز۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکرٹری جنرل احمد علی کوہزاد نے پی بی  26 میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پارٹی کے نامزد امیدوار قادر علی نائل کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جنرل موسٰی روڈ نیو ہزارہ ٹاون اور مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگوں اور معتبرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی بی26 کے عوام نے اس سے قبل نسل پرستوں اور مذہبی جماعتوں کے نمائندوں کی شکل میں جن لوگوں کو ووٹ دیکر اپنی نمائندگی کیلئے منتخب کیا تھا، انہوں نے اس حلقے کے کسی بھی حصے کے عوام کیلئے کسی قسم کے ترقیاتی کام نہیں کئے۔ خروٹ آباد سے لیکر اختر آباد اور ہزار گنجی تک کے عوام تعلیم، صحت، پانی، گیس سڑکوں سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ اس حلقے کے عوام کو ہمیشہ نظر انداز کرکے انہیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا۔ آج لاکھوں کی آبادی کیلئے فراہمی آب کا کوئی منظم سسٹم موجود نہیں، سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی انحطاط واضح کر رہا ہے کہ کسی بھی جماعت کو یہاں کے غریب طالبعلموں کے مستقبل سے سروکار نہیں۔ یہاں سے صرف ووٹ لیا گیا اور وعدے کر کے چلے گئے، عوام نے ایک بڑی تبدیلی کی غرض سے 25 جولائی کے دن HDP کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر کامیاب کر دیا، لیکن بعض عناصر کی سازشوں کی وجہ سے عوام کو انکے حق نمائندگی سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی، تاکہ HDP علاقے میں ترقیاتی کام نہ کرسکے اور اس علاقے میں جو سلسلہ اس سے قبل چل رہا تھا, وہ جوں کا توں رہے، مگر پارٹی نے عزم کر رکھا ہے کہ اس حلقے اور عوام کی حالت بدل کر رہیں گے۔

انہوں نے کہ پسماندگی، غربت جو اس حلقے کے عوام کا مقدر بنا دی گئی تھی اس تصور کو ختم کرکے ترقی، خوشحالی اور امن کو اس حلقے کا مستقبل بنا دیا جائیگا، یہی وجہ ہے کہ HDP عوام کے حق حاکمیت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں آئینی و قانونی جنگ کے ساتھ 31دسمبر کے ضمنی انتخابات کی بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ اس موقع پر پارٹی کے نائب چیئرمین عزیزاللہ ہزارہ، سیکرٹری مالیات و ڈسڑکٹ کونسلر محمد رضا ہزارہ، آرگنائزنگ سیکرٹری غلام مہدی، نامزد امیدوار حلقہ پی بی 26قادر علی نائل، محمد رضا بیگ، عصمت یاری، اور دیگر مرکزی رہنما بھی موجود تھے، اس سے قبل پارٹی کے انتخابی دفتر کا افتتاح نیو ہزارہ ٹاون میں کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں علاقہ عوام، پارٹی کارکن اور حمایتی موجود تھے، پارٹی رہنما نے کہا کہ صوبے کے عوام کوئٹہ کے شہری اور پی بی 26کے لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس شہر میں اگر کوئی کسی قسم کی مثبت اور عوام دوست تبدیلی لاسکتا ہے تو وہ صرف HDP ہے، جو بلا تعصب، رنگ و نسل، مذہب و عقیدہ صرف خدمت پر یقین رکھتی ہے، پارٹی کی بنیادی کونسلیں اب علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاون تک محدود نہیں یہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں قائم ہو رہی ہیں جہاں سے لوگ جوق در جوق پارٹی میں شامل ہو کر حقیقی و ترقی یافتہ کوئٹہ کی بنیاد ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کوئٹہ کے عوام سے توقع رکھتے ہیں کہ نسلی و مذہبی منافرت کے خاتمہ کے سلسلے میں HDP کا ساتھ دیں، تاکہ ایک ترقی یافتہ اور خوشحال کوئٹہ کے تصور کو عملی جامہ پہنایا جا سکے، ہم اپنے انتخابی منشور کے ذریعے ایک حقیقی ترقی یافتہ اور خوشحال کوئٹہ کے تصور کو عملی شکل دینے کے عزم پر پوری طرح قائم ہے۔ عوام 31 دسمبر کے دن HDP کے نامزد امیدوار کے حق میں اپنے رائے استعمال کریں، دریں اثناء پارٹی کے مرکزی بیان میں ممتاز نیورو سرجن ڈاکٹر محمد ابراہیم خلیل کے اغواء کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ لاقانونیت، بدامنی کے باعث کوئٹہ کے شہری اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں، ممتاز معالج کے اغواء کا واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ شہر میں سکیورٹی کے دعوے صرف دفتری و زبانی حد تک محدود ہیں، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کو کھلی آزادی ہے کہ وہ جس وقت چاہیں، کوئی بھی واقعہ رونما ہوسکتا ہے، بیان میں ڈاکٹر محمد ابراہیم خلیل کی فوری و بحفاظت بازیابی اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 766694
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش