0
Friday 14 Dec 2018 23:34

کراچی، پولیس افسر کے بیٹے سمیت 5 رکنی ڈکیت گروپ گرفتار

کراچی، پولیس افسر کے بیٹے سمیت 5 رکنی ڈکیت گروپ گرفتار
اسلام ٹائمز۔ اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس افسر کے بیٹے سمیت 5 رکنی ڈکیت گروپ کو گرفتار کرکے اسلحہ، دو موٹر سائیکلیں، 7 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے سیونگ سرٹیفکیٹ، موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان برآمد کرلیا، ملزمان 13 برس سے وارداتیں کر رہے ہیں، جیل بھی کاٹی اور 2 افراد کو قتل بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد ڈاکخانہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 5 رکنی ڈکیت گروپ ہمایوں، اعظم، آصف، نادر خان اور کاشف کو گرفتار کرکے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی، جبکہ نشاندہی پر 7 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے سیونگ سرٹیفکیٹ، 9 موبائل فونز، 2 لیپ ٹاپ، اسلحہ اور ایک ٹیب لیٹ برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں شامل ملزم اعظم پولیس افسر کا بیٹا ہے، جس نے والد کی جانب سے دوسری شادی کرنے کے بعد اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں شروع کی اور اسٹریٹ کرمنل گروپ میں شامل ہوا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان سال 2005ء سے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کی وارداتیں کر رہے تھے۔ ملزمان نے 13 برس کے دوران لاتعداد وارداتیں کیں اور کئی مرتبہ گرفتار ہو کر جیل بھی گئے تھے، جیل سے رہائی کے بعد ملزمان دوبارہ اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کی وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔

ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ عیدالاضحیٰ کے دوران قربانی کے جانوروں کو گاڑیوں سمیت لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے اور قربانی کا جانور کسی اور علاقے میں لے کر جاکر سستے داموں میں فروخت کر دیتے تھے۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے سریے سے بھرے ٹرک کو بھی اسلحہ کے زور پر چھینا تھا اور سریا سستے داموں دکانوں پر فروخت کر دیا تھا، جس میں ہم لوگوں کے حصے میں 80 ہزار روپے سے زائد رقم آئی تھی۔ ملزمان نے دوران تفتیش دو افراد کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اورنگی ٹاﺅن میں عمران عرف ماشو اور ایک دکاندار کو مزاحمت کرنے پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔ ملزمان اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، ملزمان سے مزید انکشافات متوقع ہیں۔
خبر کا کوڈ : 766716
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش