0
Friday 14 Dec 2018 20:12

سرحدی حفاظت کیلئے پاکستان اور ایران کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

سرحدی حفاظت کیلئے پاکستان اور ایران کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے، تیل، منشیات، اسلحے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے گئے۔ ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان میں مشترکہ سرحدی کمیشن کے اجلاس کے بعد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ 3 روز سے جاری اس اجلاس میں سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مضبوط بنانے اور غیر قانونی سرگرمیاں روکنے کے لئے متعدد معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نظیر نے کی اور ایرانی وفد کی قیادت سیستان و بلوچستان کے ڈپٹی گورنر برائے سکیورٹی محمد ہادی مرشی نے کی۔ دونوں ممالک کے عہدیداروں نے تیل، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اور سرحد کے دونوں جانب دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لئے سکیورٹی کے سخت اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں دونوں فریقین نے سرحدی خلاف ورزی پر تبادلہ خیال کیا، اس دوران پاکستان نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے سرحد کی مسلسل خلاف ورزی پر احتجاج بھی کیا۔

دوسری جانب ایرانی حکام نے ایران کے سرحدی محافظوں کی صحیح سلامت واپسی کا مطالبہ کیا، جنہیں پاکستان اور ایران کے سرحدی علاقے "میر جاوا" سے اغوا کیا گیا تھا۔ دونوں فریقین نے باہمی تجارت کو فروغ دینے اور ٹیکس فری مارکیٹ کی تجاویز پر غور کے لئے پنجگور، چاغی، تربت اور گوارد کے علاقوں میں پاک-ایران اقتصادی کمیٹیاں قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ سرحد کے انتظامی معاملات پر گفتگو کرنے اور سرحدی علاقوں سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کے ڈپٹی گورنر برائے سکیورٹی محمد ہادی مرشی نے کہا کہ اس 3 روزہ اجلاس میں ایرانی سرحدی محافظوں کے اغوا کا معاملہ سب سے زیادہ زیر بحث رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بقیہ 4 ایرانی محافظوں کو اغوا کے بعد پاکستانی علاقے میں لے جانے کے حوالے سے ایرانی حکام کی جمع کردہ تمام انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کیا، جس پر پاکستانی حکام نے ان کی بحفاظت واپسی کا یقین دلایا۔
خبر کا کوڈ : 766736
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش