0
Saturday 15 Dec 2018 21:06

دہشتگردی و انتہاء پسندی پاکستانی عوام و ریاست کے بدترین دشمن ہیں، بلاول بھٹو

دہشتگردی و انتہاء پسندی پاکستانی عوام و ریاست کے بدترین دشمن ہیں، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب تک دہشتگردی کے عفریت کا اسکے مددگاروں اور سہولتکاروں کے ساتھ ملک سے مکمل صفایا نہیں ہو جاتا، اس وقت تک آرمی پبلک اسکول پشاور کے معصوم طلبہ کا خونِ ناحق قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑتا رہے گا، سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چار سال قبل آج کے دن دہشتگردوں نے معصوم بچوں پر حملہ کرکے نہ فقط پورے ملک، بلکہ تمام دنیا کو اشکبار کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ پاکستان اور اس کی عوام کیلئے ہمیشہ باعثِ صدمہ رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آج بھی اس سانحہ کے متاثر والدین اور خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردی و انتہاء پسندی اِس ریاست اور پاکستانی عوام کی بدترین دشمن ہیں، قوم کسی بھی شخص یا گروہ کی جانب سے انہیں ظاہری یا خفیہ طور دی جانے والی نرمی کو برداشت نہیں کرے گی۔ چیئرمین پی پی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی پارٹی دہشتگردوں کا بدترین نشانہ بننے کے باوجود دہشتگردی کے خلاف مزاحمت کی قیادت کرتی رہے گی، خون کے پیاسے درندوں کیخلاف انکے مؤقف سے بالآخر آج ملک میں سب متفق ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا اور اپنی پارٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ 16 دسمبر کے دن وہ متاثرہ خاندانوں سے جاکر ملیں اور ان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔
خبر کا کوڈ : 766870
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش