0
Saturday 4 Jun 2011 13:10

مہران بیس حملے کا ماسٹر مائنڈ الیاس کشمیری ڈرون حملے میں ہلاک، حرکت الجہاد الاسلامی نے ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے

مہران بیس حملے کا ماسٹر مائنڈ الیاس کشمیری ڈرون حملے میں ہلاک، حرکت الجہاد الاسلامی نے ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے
وانا:اسلام ٹائمز۔ مہران بیس حملے کا ماسٹر مائنڈ الیاس کشمیری اور طالبان کمانڈر امیر حمزہ اپنے چار ساتھیوں سمیت جنوبی وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ جنوبی وزیرستان کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے والے نو شدت پسندوں میں الیاس کشمیری اور شمالی وزیرستان میں طالبان کمانڈر امیر حمزہ اور ان کے چار ساتھی بھی مارے گئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ڈرون سے داغے میزائل سے تین افراد زخمی بھی ہوئے۔ امیر حمزہ شمالی وزیرستان سے الیاس کشمیری سے ملنے آیا تھا۔ 
اس سے پہلے بی بی سی نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں ہلاک ہونے والے نو شدت پسندوں میں الیاس کشمیری بھی شامل تھا۔ مقامی افراد نے بھی الیاس کشمیری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق القاعدہ سے منسلک شدت پسند تنظیم حرکت الجہاد الاسلامی کا رہنما الیاس کشمیری کراچی میں مہران نیول بیس پر ہونے والے دہشت گردی حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ جبکہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ حرکت الجہاد الاسلامی کو ہندوستان اور پاکستان میں ہونے والی کئی دہشت گرد حملوں کا ذمہ دار قرارد دے چکا ہے۔ جن میں سن دو ہزار چھ میں کراچی میں امریکی قونصل خانے پر ہونے والا حملہ بھی شامل ہے جس میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 
برطانوی ادارے بی بی سی نے مقامی افراد کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں الیاس کشمیری سمیت نو شرپسند ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔ الیاس کشمیری القاعدہ سے منسلک شدت پسند تنظیم حرکت الجہاد الاسلامی کا رہنما تھا اور امریکا کو پانچ مطلوب افراد میں شامل تھا۔ بی بی سی کے مطابق پشاور کے ایک سرکاری اہلکار کا کہنا تھا کہ انہیں بھی ڈرون حملے میں الیاس کشمیری کی ہلاکت کی اطلاعات ملی ہیں لیکن انہوں نے اس خبر کی تصدیق سے انکار کر دیا۔ الیاس کشمیری کی تنظیم حرکت الجہاد اسلامی نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ یاد رہے کہ سات اپریل 2011ء کو واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ القاعدہ کی حمایت یافتہ تنظیم حرکت الجہاد کے کمانڈر الیاس کشمیری کے بارے میں اطلاع دینے یا اس کی گرفتاری میں مدد دینے والے کو پچاس لاکھ امریکی ڈالر انعام دیا جائے گا، امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق الیاس کشمیری دو ہزارچھ میں کراچی میں امریکی قونصل خانہ پر حملے میں مطلوب تھا، اس کے علاوہ وہ پاکستان اور بھارت میں ہونے والے دہشتگردی کے متعدد واقعات میں بھی ملوث ہے، محکمہ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ حرکت الجہاد افغانستان میں طالبان کو افرادی قوت بھی فراہم کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 76716
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش