0
Tuesday 18 Dec 2018 14:25

نواز شریف مریم کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں لیکن زرداری کو بلاول سے کوئی دلچسپی نہیں، شیخ رشید

نواز شریف مریم کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں لیکن زرداری کو بلاول سے کوئی دلچسپی نہیں، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف مریم نواز کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں، جب کہ آصف زرداری کو بلاول سے کوئی دلچسپی نہیں۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کے دوران وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو جتنا بڑا چور ہے وہ معزز ہوگیا ہے اور جو جتنا بڑا بدمعاش تھا وہ اچھا رہا ہے، نااہل لوگوں کو عزت و مقام بدقسمتی ہے، غریب آدمی بجلی، گیس اور روزگار کی کمی سے مررہا ہے، جیلوں میں 80 فیصد لوگ بے گناہ ہیں اور اصل گناہ گار جیلوں سے باہر گھوم رہے ہیں۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ قومی خزانے کو لوٹنے والے غداری کے مرتکب ہوئے، نیب کیسز کے ملزمان این آر او چاہتے ہیں، نواز شریف مریم نواز کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں جب کہ آصف زرداری کو بلاول سے کوئی دلچسپی نہیں، نواز شریف اور آصف زرداری نے اگلی نسل کو بھی تباہ کیا ہے۔
 
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جن کے لیے پروٹوکول لگتا تھا آج پاکستان کی جیلوں میں صفائیاں ہورہی ہیں، یہ اللہ کی پکڑ میں آئے، انہوں نے اللہ کی مخلوق کوتنگ کیا، اب نظر آرہا ہے ان لٹیروں پر مارچ سے پہلے جھاڑوں پھر جائے گا تاہم اگر یہ چور اس دفعہ بچ گئے تو پھر اس ملک کو صرف اللہ بچا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ کیمرہ مین پر تشدد کا پرچہ نواز شریف پر کٹنا چاہیے، کل عمران خان سے مطالبہ کروں گا کہ اصل بندے کو پکڑ لیں، یہ بدمعاشی کی انتہا ہے، چیف جسٹس بھی اس کا نوٹس لیں۔ اس سے قبل راولپنڈی میں خطاب کے دوران وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا مودی آسیب زدہ اور مسلمانوں سے نفرت کرنے والا لیڈر ہے، مودی تین ریاستوں میں ہار گیا ہے اور ہندوستان امریکا کی جھولی میں گر گیا ہے، میں سمجھتا تھا کہ ہندوستان سیکولر کا رول ادا کرے گا، ہندوستان کو امریکن بظاہر چین کے خلاف کھڑا کررہے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 767375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش