0
Tuesday 18 Dec 2018 16:18

تجاوزات آپریشن، میئر کراچی گھر توڑنے سے پہلے متبادل جگہ دینے کے پابند ہوں گے

تجاوزات آپریشن، میئر کراچی گھر توڑنے سے پہلے متبادل جگہ دینے کے پابند ہوں گے
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن میں میئر کراچی کو گھروں کو توڑنے سے قبل متبادل جگہ فراہم کرنے کا پابند کردیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن سے متعلق تحریری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ شہر میں تجاوزات کےخلاف آپریشن جاری رکھا جائے اور آپریشن میں تاخیر نہ کی جائے۔ تحریری حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ فٹ پاتھ، نالہ، پارک اور رفاہی پلاٹس پر قائم تجاوزات کو توڑ دیا جائے، جو دکانیں توڑی گئیں ان کی متبادل جگہ فراہمی کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ہوگی۔ حکم نامہ کے مطابق ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کی دکانداروں کی بحالی کیلئے جلد انتظامات کئے جائیں، توڑی گئی دکانوں کا ملبہ اٹھانے کا انتظام جلد کیا جائے، سندھ حکومت کے ایم سی کو 200 ملین کی گرانٹ فراہم کرنے کی پابند ہوگی۔

عدالت کی جانب سے میئر کراچی کو پابند کیا گیا ہے کہ رہائشی علاقوں میں قبضے کی جگہوں کو صاف کرنے سے قبل 30 سے 40 روز کا نوٹس دینا ہوگا، میئر کراچی ان گھروں کو توڑنے سے قبل متبادل جگہ فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔ عدالت نے میئر کراچی وسیم اختر کو تعمیرات منہدم کرنے کی رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر کمشنر کراچی کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے جس میں ایمپریس مارکیٹ، لائٹ ہاؤس اور جامع کلاتھ سمیت دیگر بڑی مارکیٹوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 767387
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش