0
Tuesday 18 Dec 2018 22:28

بلاول بھٹو نہیں پیپلز پارٹی کی معیاد ختم ہوچکی ہے، امیر بخش بھٹو

بلاول بھٹو نہیں پیپلز پارٹی کی معیاد ختم ہوچکی ہے، امیر بخش بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نہیں پیپلز پارٹی کی معیاد ختم ہوچکی ہے، شہید بینظیر کے کیس کے لئے کوئی وکیل نہیں، ماڈل ایان علی کے کیس کی پیروی سابق گورنر اور سابق چیئرمین سینٹ کرتے ہیں، چور کو پکڑو تو جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے، ملکی خزانے لوٹنے، عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو سلاخوں میں ڈالنے سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے، زرداری نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا اور ان کا خون چوسا ہے اب حساب کا وقت آگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں ڈویژنل ورکر کنونشن سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر بخش بھٹو نے مزید کہا کہ عمران خان ملک کی تقدیر کو تبدیل کریں گے، 10 سالوں میں پیپلز پارٹی اور نواز لیگ نے ملک کی معیشت تباہ کی اور اپنی تجوریاں بھریں، 60 سال میں ملکی خسارہ 6 ارب تھا جو 10 سالوں میں 30 ارب تک جا پہنچا، 24 ارب کہاں گئے اگر یہ ملک کی عوام پر خرچ کئے جاتے تو آج لوگوں کی یہ حالت نہ ہوتی، ان لوگوں نے صرف اپنے اکاؤنٹ بھرے۔ انہوں نے کہا کہ نوکری اور گھر دینے کا وعدہ معیشت کو بہتر کرنے کے بعد ہی پورا ہوگا، ہمیں عوام کا احساس ہے سعودی عرب، چین اور دیگر ممالک نے امداد کی، آئی ایم ایف سے بھی مذاکرات چل رہے ہیں، شرائط وہ مانیں گے جو ملک کے لئے بہتر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی صرف 3 ماہ گذرے ہیں، 5 سال پڑے ہیں، عوام سے جو وعدے کئے ہیں سب پورے کریں گے، تین ماہ میں قانون کی بالادستی قائم ہورہی ہے، ادارے بحال ہونا شروع ہوئے ہیں اور اقرباء پروری ختم ہورہی ہے۔

امیر بخش بھٹو نے کہا کہ ماڈل ایان علی نوٹوں کے تھیلے بھر کر باہر لے گئی، ملک کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا اور اس کے وکیل سابق چیئرمین سینٹ فاروق ایچ نائیک اور سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ بنے، شہید بی بی کا کیس کون لڑ رہا ہے کون وکیل ہے کچھ پتہ نہیں، آصف زرداری کے ساتھی ڈاکٹر عاصم پر 462 ارب کی کرپشن کا کیس ہے، ایسے کئی آصف زرداری کے ساتھی ہیں جنہوں نے اربوں کی کرپشن کی اسی لئے تو نا سندھ میں اسکول بنے نہ روڈ بنے نہ اسپتال بنے اور نہ ہی لوگوں کو روزگار ملا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے ملک کی عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا اور ان کا خون چوسا ہے، سکھر کے ناکام جلسے پر کروڑوں خرچ کئے گئے، حیدرآباد کے جلسے میں بھی لوگ کم تھے، یہ پیپلز پارٹی کا زوال ہے، پیپلز پارٹی کی معیاد اب ختم ہوچکی ہے، ملکی دولت کھانے والوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا، اپنا انجام دیکھ کر رونے والے کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے، ملکی دولت لوٹنے والوں کو سلاخوں میں ڈالنے سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے کمزور نہیں، زرداری کا ٹھکانا بھی شہباز شریف کی طرح جیل میں ہے، بلدیاتی الیکشن قریب ہیں اور مخالف چاہتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر ہو، وہ چور دروازہ فرار ہونے کے لئے ڈھونڈ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مضبوط ہے قبل از وقت انتخابات کا امکان نہیں، کنونشن سے رکن صوبائی اسمبلی اسلم ابڑو، سردار سخی عبدالرزاق کھوسو، میر راجہ خان جکھرانی، اکرم ابڑو، صفیہ بلوچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 767443
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش