0
Tuesday 18 Dec 2018 22:54

پیوٹن پر حملہ ہوگا، ٹرمپ بہرہ ہو جائے گا، بلغارین نابینا خاتون کی پیش گوئیاں

پیوٹن پر حملہ ہوگا، ٹرمپ بہرہ ہو جائے گا، بلغارین نابینا خاتون کی پیش گوئیاں
اسلام ٹائمز۔ بابا وانگا کے نام سے مشہور بلغاریہ کی پیشین گوئیاں کرنے والی نابینا خاتون نے 2019ء میں امریکی و روسی صدور سمیت یورپ اور ایشیا کے لئے بھی خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔ بابا وانگا نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن پر قاتلانہ حملہ اور امریکی صدر ٹرمپ کے پُر اسرار بیماری کا شکار ہوکر قوت سماعت سے محروم ہونے کی پیشین گوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ نابینہ بلغارین خاتون نے مستقبل کے رازوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے 2019ء میں ایشیا میں ایک اور طاقتور سونامی اور یورپی یونین میں ٹوٹ پھوٹ کے علاوہ شہاب ثاقب کے روس سے ٹکرانے کی پیش گوئی بھی کی ہے۔ جتنی یہ پیش گوئیاں حیران کن ہیں اتنی ہی حیران کر دینے والی بات یہ ہے کہ درست پیش گوئیاں کرنے والی بلغاریہ کی نابینا خاتون بابا وانگا 1996ء میں انتقال کر چکی ہیں اور انہوں نے مرنے سے پہلے ہی 2019ء میں پیش آنے والے اہم واقعات کی پیش گوئیاں کی تھیں۔

برطانوی اخبار کی جانب سے جاری کی گئی بابا وانگا کی پیش گوئیوں کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو ان کی سیکورٹی ٹیم کا اہلکار انہیں ہلاک کرنے کی کوشش کرے گا۔ خیال رہے کہ پیوٹن خود بھی یہ انکشاف کرچکے ہیں کہ انہیں مارنے کی کئی بار کوششیں کی جا چکی ہیں۔ پیوٹن نے اپنی حفاظت کے لئے اسنائپرز کی ٹیم مقرر رکھی ہے، جس کا مشورہ انہیں 50 قاتلانہ حملوں میں محفوظ رہنے والے کیوبا کے رہنما فیڈل کاسترو نے دیا تھا۔ ٹرمپ کے بارے میں بابا وانگا کا کہنا تھا کہ 2019ء میں وہ پُرسرار بیماری کا شکار ہوجائیں گے، جس میں وہ قے آنے سے کمزور ہوجائیں گے۔ ان کے کانوں میں بھنبھناہٹ ہوتی رہے گی اور وہ قوت سماعت سے محروم ہوجائیں گے، یہ محرومی انہیں ذہنی صدمے سے بھی دوچار کر دے گی۔ 2004ء میں سونامی کی پیش گوئی کرنے والی وانگا نے ایشیاء میں ایک اور سونامی کا بتاتے ہوئے کہا تھا کہ اس سونامی میں پاکستان، بھارت، جاپان اور انڈونیشیا سمیت کئی ملکوں کا صفایا ہو جائے گا۔

قدرتی آفات کے علاوہ وانگا نے یہ بھی کہا تھا کہ 2019ء میں یورپی یونین ٹوٹ جائے گی اور  شہاب ثاقب روس سے ٹکرا جائے گا۔ بلغاریہ سے تعلق رکھنے والی نابینا خاتون بابا وانگا کا انتقال 1996ء میں ہوگیا تھا۔ مرنے سے قبل وہ کئی دہائیوں کی پیش گوئیاں کر گئی تھیں۔ بابا وانگا  کی گزشتہ پیش گوئیوں میں 2001ء میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملہ اور 2004ء میں سونامی، 2010ء میں سیاہ فام امریکی شہری کا امریکی صدر بننا اور اسی سال عرب دنیا میں تحریکوں کا اٹھنا اور 2018ء میں چین دنیا کی سپر پاور بن جانا شامل ہیں۔ بابا وانگا کی 2019ء کی پیش گوئیوں کے علاوہ مزید اگلے برسوں کی پیش گوئیوں کے مطابق 2043ء میں مسلمان یورپ پر غالب آجائیں گے اور خلافت قائم ہوگی جس کا مرکز روم ہوگا۔ بلغارین خاتون کی پیشین گوئی کے مطابق 2154ء میں جانور آدھے انسان بن جائیں گے اور 5079ء میں دنیا کا خاتمہ ہوجائے گا۔
خبر کا کوڈ : 767450
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش