QR CodeQR Code

صادق سنجرانی کی ریاض میں جنرل راحیل شریف سے ملاقات

20 Dec 2018 07:22

سپریم کورٹ نے دہری شہریت کے مقدمے کے فیصلے میں کہا تھا کہ راحیل شریف کی بیرون ملک ملازمت کا این او سی درست نہیں، این او سی وفاقی حکومت نے جاری نہیں کیا بلکہ یہ اجازت نامہ جنرل ہیڈکوارٹر اور وزارت دفاع نے جاری کیا۔


اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب کے دورے پر موجود چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی کے کمانڈر جنرل (ر) راحیل شریف سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینٹ نے وفد کے ہمراہ سعودی سرپرستی میں مخصوص مقاصد کیلئے بنائے گئے، اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی، کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں فوجی اتحاد کے کمانڈر اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف اور ڈپٹی کمانڈر جنرل عبدالرحمٰن نے ان کا استقبال کیا۔ جنرل (ر) راحیل شریف نے وفد کو آئی ایم سی ٹی سی کی کارکردگی اور اس کے اغراض و مقاصد پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ادارے کا بنیادی مقصد دہشت گردی کا مقابلہ کرنا اور اس کو ختم کرنا ہے۔ 

جنرل (ر) راحیل شریف نے اس تاثر کی بھی نفی کی کہ یہ ادارہ کسی ملک، قوم یا فرقہ کیخلاف کارروائی کیلئے بنایا گیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ اور وفد میں موجود سینیٹرز نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے شاہ سلمان اور سعودی حکومت کے عزم اور کوششوں کو سراہا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے دہری شہریت کے مقدمے کے فیصلے میں کہا تھا کہ راحیل شریف کی بیرون ملک ملازمت کا این او سی درست نہیں۔ فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ سابق آرمی چیف کا بیرون ملک ملازمت کا این او سی وفاقی حکومت نے جاری نہیں کیا بلکہ یہ اجازت نامہ جنرل ہیڈکوارٹر اور وزارت دفاع نے جاری کیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق وفاقی حکومت سے مراد وفاقی کابینہ ہے لہٰذا ایک ماہ کی مقررہ مدت میں این او سی جاری نہ ہونے پر راحیل شریف غیر ملکی ملازمت سے سبکدوش تصور ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 767670

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/767670/صادق-سنجرانی-کی-ریاض-میں-جنرل-راحیل-شریف-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org