0
Thursday 20 Dec 2018 11:11

امریکہ ترکی کو پیٹریاٹ میزائل فروخت کریگا

امریکہ ترکی کو پیٹریاٹ میزائل فروخت کریگا
اسلام ٹائمز۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ خارجہ نے ترکی کو تقریباً ساڑے 3 ارب ڈالر مالیت کے پیٹریاٹ ایئر اینڈ میزائل ڈیفنس سسٹم کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ اس منظوری کے تحت ترکی کو 80 پیٹریاٹ ایم آئی ایم104 ای گائیڈنس اینہانسڈ میزائل، 60 پی اے سی 3 میزائل سیگمنٹ اینہانسمنٹ میزائل اور ان سے متعلقہ آلات فروخت کیے جائیں گے، جن کی بدولت نیٹو کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ اور یورپ میں بحالی امن کے فروغ میں مدد ملے گی۔ اس حوالے سے امریکی کانگریس کو باقاعدہ اطلاع دے دی گئی ہے۔ ادھر امریکی دفتر خارجہ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان میزائلوں کی وجہ سے ترکی کی دفاعی صلاحیتیں مزید بہتر ہوں گی اور وہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ان کا بھرپور استعمال کر سکے گا۔ دوسری جانب روس نے کہا ہے کہ روسی ساختہ جدید ایس 400 دفاعی میزائل نظام کی ترکی کو فروخت کے معاملے کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ یہ روسی اعلان امریکہ کی طرف سے ایسے ہی دفاعی میزائلوں کی انقرہ حکومت کو فروخت کی اجازت دیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ پینٹاگون کی طرف سے گزشتہ روز اعلان کیا گیا تھا کہ امریکی دفتر خارجہ نے نیٹو اتحادی ترکی کو پیٹریاٹ میزائلوں کی فروخت کے 3.5 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ ماسکو حکومت کے ترجمان دیمتری پیشکوف کے مطابق میزائلوں کی اس فروخت کو دو مختلف سودوں کے طور پر دیکھا جائے۔ واضح رہے کہ امریکی محکمہ دفاع کی طرف سے یہ منظوری طویل عرصے کے بعد اور ترکی کی جانب سے روس کے ساتھ ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کی خریداری کے معاہدے کے بعد دی گئی ہے۔ ترکی نے روس کے ساتھ یہ معاہدہ امریکہ سے پیٹریاٹ میزائلوں کی خریداری کی کوششوں میں ناکامی کے بعد کیا تھا۔ امریکی حکام نے ترکی کو روس سے ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کی خریداری سے باز رکھنے کی کوشش کی، تاہم اس میں اسے ناکامی ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 767696
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش