0
Thursday 20 Dec 2018 21:37

خواتین کو ان کا وراثتی حق بہم پہنچانا حکم خداوندی ہے، فرح ناز

خواتین کو ان کا وراثتی حق بہم پہنچانا حکم خداوندی ہے، فرح ناز
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ خواتین کو ان کا وراثتی حق بہم پہنچانا حکم خداوندی ہے اور اس کا انتظام کرنا ریاست کی اسلامی ذمہ داری بھی ہے، آج کل وراثت میں تقسیم کے امور انتہائی متنازعہ شکل اختیار کیے ہوئے ہیں، کسی بھی صاحب اولاد اور صاحب جائیداد شخص کے انتقال کے بعد اس کی وراثت پر نہ ختم ہونیوالے جھگڑے شروع ہو جاتے ہیں اور عدالتوں میں لا تعداد مقدمات وراثت سے متعلق ہیں اور وراثت کے حق کو سلب کرنے کی روش عام ہو چکی ہے بالخصوص خواتین اور کمزوروں کا بدترین استحصال کیا جاتا ہے، اس ضمن میں خواتین کو وراثت کے حق سے محروم کرنے کیلئے حیلے، بہانے تراشے جاتے ہیں، جو خلاف دین، آئین و قانون ہے اس کے مرتکب گنہگار ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام خواتین کے وراثتی حق کے حوالے سے منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے فرح ناز کا کہنا تھا کہ قرآن مجید نے وراثت کے قضیے کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے حل کر دیا ہے اور صاحب اولاد اور صاحب جائیداد شخص پر یہ لازم کر دیا ہے کہ وہ وصیت تحریر کرے تاکہ اس کی موت کے بعد اس کے اثاثوں کی منصفانہ تقسیم عمل میں آسکے۔

انہوں نے کہا ہمارے ہاں جب کوئی صاحب جائیداد سے منصفانہ تقسیم کے حوالے سے وصیت تحریر کرنے کی رائے دے تو اسے برا جانا جاتا ہے اور اس بات پر بے زاری دکھائی جاتی ہے کہ جیتے جی کس قسم کا مشورہ دیا جارہا ہے؟ تو قرآنی آیت مبارکہ کی روشنی میں ہمیں سمجھ لینا چاہیے کہ وصیت تحریر کرنے کا مشورہ دینا درحقیقت اللہ کے حکم پر عمل کرنے کی ترغیب دینا ہے اور یہ ہر گز ہرگز معیوب عمل نہیں۔ فرح ناز نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی سوسائٹی کے اندر ایسی سوچ موجود ہے جو لڑکیوں کا وراثتی حق سلب کرتی ہے اور اسے ہضم کرنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے اختیار کیے جاتے ہیں،یہ سراسر ظلم، گناہ اور غلط ہے، اللہ تعالیٰ نے نہ صرف خواتین کو ان کا وراثتی حق دینے کی تنبیہ کی بلکہ تقسیم کے طریقہ کار کو بھی صراحت سے بیان کر دیا ہے ،اسی میں اللہ کی خوشنودی، سوسائٹی کا امن اور خوشحالی ہے، یہی وہ دین اسلام کے امتیازات اور خصائص ہیں جو انہیں دیگر مذاہب سے بلند تر کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 767808
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش