0
Friday 21 Dec 2018 15:37

کشمیر میں امن بحال کرنیکی آڑ میں ظلم و زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے، علی محمد ساگر

کشمیر میں امن بحال کرنیکی آڑ میں ظلم و زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے، علی محمد ساگر
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے سرینگر اور بانڈی پورہ اضلاع میں شہری ہلاکتوں اور زیادتیوں کے خلاف احتجاجی ریلیاں برآمد کیں، جن میں شامل کارکنوں نے کشمیر میں ہلاکتوں کا سلسلہ بند کرو، ظلم و زیادتیاں بند کرو جیسے نعرے بلند کئے۔ اس دوران علی محمد ساگر نے کہا کہ شہری ہلاکتوں کے واقعات کو بند کیا جائے کیونکہ عام کشمیری اب عدم تحفظ کا شکار ہو رہا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے درجنوں کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اُٹھائے رکھے تھے جن پر ہلاکتیں بند کرو جیسے نعرے لکھے ہوئے تھے۔ شہری اموات کے خلاف نیشنل کانفرنس کی احتجاجی ریلی جب ٹی آر سی سرینگر کے نزدیک پہنچی تو قابض فورسز کی بھاری جمعیت نے ریلی کا راستہ روکا اور ریلی میں شامل لوگوں کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔

مظاہرین فورسز کی رکاوٹیں پھلانگنے میں کامیاب ہوکر شیر کشمیر پارک تک پہنچ گئے جہاں پولیس کی ایک اور پارٹی نے انہیں روک کر آگے بڑھنے کی اجازت نہیں۔ اس دوران مظاہرین نے ہلاکتوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اس سلسلے کو بند کرنے کی مانگ کی۔ اس موقعہ پر علی محمد ساگر نے کہا کہ کشمیر میں امن بحال کرنے کی آڑ میں ظلم و زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ علی محمد ساگر نے کہا کہ ہم نے بار بار ریاستی گورنر اور بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ حالات کو ٹھیک کرنے کے لئے سخت گیر پالیسی ترک کرے لیکن ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اپنے حقیر سیاسی فوائد کے لئے کشمیریوں کو زیر عتاب رکھا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کیچ اینڈ کِل کی پالیسی اختیار کی گئی ہے اور افسپا کی آڑ میں معصوموں کا خون ناحق بہایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی سخت گیر پالیسی سے جموں و کشمیر کی حالت ابدتر ہوتے جارہے ہے اور غلط پالیسیوں اور فیصلوں کی وجہ سے نہ صرف یہاں سیاسی انتشار پیدا ہوگیا ہے بلکہ سکیورٹی کی بدترین صورتحال کے ساتھ ساتھ لوگ اقتصادی بدحالی کے بھی شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں خونین واقعات کا پیش آنا روز کا معمول بن گیا ہے، پُرامن شہریوں کو سرعام قتل کیا جارہا ہے اور قتل کرنے والوں کی کوئی جوابدہی نہیں ہوتی۔
خبر کا کوڈ : 767860
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش