0
Friday 21 Dec 2018 13:07

دہشتگردی کیخلاف لڑی جانیوالی جنگ میں اے این پی سرخرو ہوئی، اسفندیار ولی

دہشتگردی کیخلاف لڑی جانیوالی جنگ میں اے این پی سرخرو ہوئی، اسفندیار ولی
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے شہید بشیر احمد بلور کی چھٹی برسی کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر کسی نے اے این پی کا اصل چہرا دیکھنا ہو تو شہید بشیر احمد بلور اور ہمارے ایک ہزار شہید کارکن عوامی نیشنل پارٹی کی عملی تصویر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے افغان فساد سے لیکر پختونوں پر مسلط کی گئی جنگ میں تاریخی کردار ادا کیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں اے این پی سرخرو ہوئی ہے۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی کل بھی باچا خان کے عدم تشدد کے راہ پر عمل پیراہ ہوکر اپنی جدوجہد کررہی تھی اور آج بھی عدم تشدد کے راہ پر عمل پیرا ہوکر اپنی جدوجہد کررہی ہے، آج انگریز نہیں ہے لیکن باچا خان زندہ ہے، آج ڈکٹیٹرز نہیں ہے لیکن ولی خان زندہ ہے اور کل کو انشاء اللہ ہم ہوں گے، شہید بشیر احمد بلور، ہمارے شہداء اور نظریہ ہوگا لیکن تشدد کے پیروکار اور حمایتی نہیں ہونگے۔

اسفندیار ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ مسائل مذاکرات سے حل ہوتے ہیں اور اگر ریاست پاکستان نے دہشت گردی کو ختم کرنا ہے تو اُس کا واحد حل نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عمل درآمد ہے، نیشنل ایکشن پلان پر صرف پھانسیوں کی حد تک عمل درآمد کرنا باعث تشویش ہے، ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر اس کے روح کے مطابق عمل درآمد کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی 100 سال سے یہی کہہ رہی ہے کہ تشدد کسی مسئلے کا بھی حل نہیں، آج بھی عوامی نیشنل پارٹی کسی قیمت پر تشدد کی حمایت نہیں کرتی۔ اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے نظریئے اور منشور کیلئے اپنی جانوں کی بازی لگانے والے لوگ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 767861
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش