0
Friday 21 Dec 2018 21:43

سرگودھا یونیورسٹی کے پروفیسر جاوید کیمپ جیل میں انتقال کر گئے

سرگودھا یونیورسٹی کے پروفیسر جاوید کیمپ جیل میں انتقال کر گئے
اسلام ٹائمز۔ نیب کی جانب سے گرفتار سرگودھا یونیورسٹی کے پروفیسر جاوید کیمپ جیل میں انتقال کر گئے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سرگودھا یونیورسٹی کے غیرقانونی کیمپسز کھولنے کے الزام میں گرفتار پروفیسر جاوید  کیمپ جیل میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ سرگودھا یونیورسٹی لاہور سب کیمپس کے چیف ایگزیکٹیو پروفیسر میاں محمد جاوید کی لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر پروفیسر جاوید کے انتقال کے بعد کی تصاویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جس میں ان کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگی دیکھی جا سکتی ہیں۔ جاں بحق پروفیسر کے ساتھ اس سلوک پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ  بنایا جارہا ہے۔ 

نیب نے کیمپ جیل میں پروفیسر جاوید احمد کی موت پر وضاحت میں کہنا ہے کہ احتساب عدالت نے جاوید احمد کو اکتوبر 2018ء میں ہی جوڈیشل کر دیا تھا اور کیمپ جیل لاہور حکام نے ملزم کو تحویل میں لیتے وقت مرحوم کی صحت کے حوالے سے باقاعدہ تصدیق دی تھی۔  ترجمان نیب کے مطابق مرحوم پروفیسر کو نیب لاہور سے صحت مند حالت میں کیمپ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کیمپ جیل حکام نے آج دل میں تکلیف کے باعث مرحوم کو سروسز اسپتال منتقل کیا تھا تاہم اس تاثر کی سختی سے تردید کی جاتی ہے کہ مرحوم نیب کی حراست کے دوران فوت ہوئے۔ ترجمان نے کہا کہ نیب حکام کی جانب سے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پروفیسر میاں محمد جاوید سمیت دیگر افراد کو نیب نے اکتوبر میں گرفتار کیا تھا۔ واضح رہے کہ کچھ روز پہلے نیب کی جانب سے ریٹائرڈ اساتذہ کو ہتھکڑیوں میں جکڑ کر عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جس پر پورے ملک میں طوفان برپا ہوگیا تھا۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے بھی اس واقعے کا نوٹس لیا گیا تھا، جس پر ڈی جی نیب لاہور نے روتے ہوئے معافی مانگی تھی۔
 
خبر کا کوڈ : 767928
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش