0
Saturday 22 Dec 2018 10:52

ملک میں احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں ہو رہی ہیں، سعدیہ دانش

ملک میں احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں ہو رہی ہیں، سعدیہ دانش
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا کہ سو دن میں 50 لاکھ گھر بنانے اور ایک کروڑ نوکریاں دینے والی حکومت نے 50 لاکھ گھروں کو مسمار کیا اور ایک کروڑ لوگوں کو بے روزگار کر دیا ہے، تبدیلی کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے والوں نے عوام کو مہنگائی کے طوفان پر دھکیل کر ذہنی مفلوج بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں ہو رہی ہیں آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کی قیادت نے پہلے بھی احتساب کے نام پر سیاسی انتقامی کارروائیوں کا سامنا کیا اور 11 سال پابند سلاسل رہ کر عدالتوں سے باعزت بری ہو کر کلین چٹ لی تھی اور آج بھی مرد حر آصف علی زرداری ڈٹ کر مقابلہ کرینگے، کیونکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کا احترام کرتے ہوے کٹھن حالات کا سامنا کیا ہے۔ آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ کے اوپر تحقیقاتی ادارے تحقیقات کر رہے ہیں تو وزیراعظم کی ہمشیرہ کے ساتھ اتنی نرمی کیوں برتی جا رہی ہے۔ تحقیقات کے اس دوھرے معیار پر بہت سارے سوالات اٹھ رہے ہیں، ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں نے ملک میں انصاف کا دوہرا معیار قائم کیا ہے۔ ملک میں عمران خان اس کے عزیز و اقارب کے لئے اور اور اپوزیشن جماعتوں کے لئے انصاف کے تقاضے کچھ اور ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا ایجنڈا اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنانا ہے، عمران خان آج بھی کنٹینر کی تقریریں کر رہے ہیں، عمران خان کو اس بات کا ذرا بھی علم نہیں کہ وہ ملک کا وزیراعظم ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق میں نیب کو عمران خان اور ان کی ٹیم نظر نہیں آرہی اور اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی نیب صوبائی حکومت کی بی ٹیم کا کردار ادا کر رہی ہے، سرکاری اداروں میں مہا کرپشن ہونے کے باوجود بھی حفیظ الرحمن کو چھوٹ دینا تحقیقاتی اداروں کے اوپر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حفیظ الرحمن اور مشیر اطلاعات میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کر رہے ہیں، گلگت بلتستان کے حقوق پر انہوں نے شب خون مارا اور پیپلز پارٹی کے دیئے گئے حقوق کو ختم کرکے ایف سی آر کے مترادف آرڈر 2018ء کا نفاذ کیا نون لیگ اپنے دور اقتدار میں آئینی، جمہوری اور معاشی حقوق دینے میں مکمل ناکام رہی ہے، پیپلز پارٹی نے اس اہم نوعیت کے معاملے میں آل پارٹیز کانفرنس بلا کر تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم میں جمع کیا اور ان شاء اللہ اب پیپلز پارٹی گلگت بلتستان یہاں کے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے جدوجہد کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 767997
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش