0
Saturday 22 Dec 2018 15:11

بلاامتیاز احتساب ہو تو جیلوں میں جگہ کم پڑجائیگی، بہاولپور صوبہ کو بھی بحال کیا جائے، سراج الحق

بلاامتیاز احتساب ہو تو جیلوں میں جگہ کم پڑجائیگی، بہاولپور صوبہ کو بھی بحال کیا جائے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سب کا اور بلاامتیاز احتساب ہو تو جیلوں میں جگہ کم پڑ جائے گی، جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے قیام کیلئے بھرپور مہم چلائے گی، بہاولپور صوبہ کو بھی بحال کیا جائے، اپوزیشن کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اپنا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں یا عوام کا؟، عوام نت نئے ٹیکسوں اور مہنگائی کا طوفان برپا ہونے پر فاقے کر رہی ہے، جبکہ حکومت بسنت اور سینما گھروں کی نوید سنا رہی ہے، پُرامن افغانستان ہی پاکستان کی ضرورت ہے، قومی اسمبلی پر کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں لیکن قانون سازی کی طرف کوئی توجہ نہیں، تمام وزراء احتساب احتساب، خوشنما اعلانات، سبز باغات دکھانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مڈٹرم الیکشن کا نیا شوشہ چھوڑ دیا ہے لیکن جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے، عوام کو ریلیف دے، لیکن دوسری طرف اگر اپوزیشن کوئی تحریک چلانا چاہتی ہے تو اپوزیشن چلانے والے قائدین کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اپنا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں یا عوام کا۔؟

سراج الحق نے مزید کہا کہ وی آئی پی طبقے نے کبھی اقتدار میں رہ کر تو کبھی اپوزیشن میں رہ کر، کبھی مارشل لاء میں وارے نیارے ہی کئے ہیں، لیکن غریب عوام کو گذشتہ 70 برسوں سے کوئی ریلیف نہیں ملا، دو کروڑو 28 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں، 80 ہزار سے زائد لوگ کینسر، 35 ہزار سے زائد بلڈ پریشر و دیگر بیماریوں سے مر رہے ہیں، جو کام حکومت کا ہے، وہ کام چیف جسٹس آف پاکستان کر رہے ہیں، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کا وزٹ کر رہے ہیں، پانی کی کمی کو دور کرنے کے لئے نئے ڈیم بنانے اور فنڈز اکٹھا کرنے کی مہم چلا رہے ہیں، حکومت سو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء احتساب احتساب میں مصروف ہیں حالانکہ ادارے موجود ہیں، تاہم نیب جیسے ادارے کا اپنا امیج بھی متاثر ہو رہا ہے، جتنا اس پر خرچ ہو رہا ہے، اتنی ریکوری نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ اسمبلی میں بیت المقدس کو یہودیوں کے حوالے کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، غیر مسلم ڈاکٹر کمار کی طرف سے شراب پر پابندی کے بل کو پیش کرنے پر اسمبلی کے اراکین واک آؤٹ کر جاتے ہیں، ایک اسلامی و فلاحی ریاست میں ایسے اراکین اسمبلی کے خلاف آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ آسیہ مسیح کی رہائی پر تینوں جماعتوں پیپلزپارٹی، (ن) لیگ اور پی ٹی آئی نے خوشی کا اظہار کیا، ڈاکٹر کمار کے شراب پر پابندی کے بل کی مخالفت کی جا رہی ہے، اس موقع پر جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، جنوبی پنجاب کے امیر سید وسیم اختر، محمد اصف محمود اخوانی اور دیگر موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 768034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش