0
Sunday 23 Dec 2018 00:37

پارٹی قائدین کو گرفتار کیا گیا تو خواتین سروں پر کفن باندھ کر سڑکوں پر باہر نکلیں گی، سلطانہ شاہین

پارٹی قائدین کو گرفتار کیا گیا تو خواتین سروں پر کفن باندھ کر سڑکوں پر باہر نکلیں گی، سلطانہ شاہین
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین ملتان کی سٹی صدر سلطانہ شاہین، جنرل سیکرٹری شاہین شفیق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صرف (ن) لیگ کے ہی خلاف انتقامی کاروائیوں پر اتر آئی ہے، پارٹی قائدین کو گرفتار کیا گیا تو خواتین سروں پر کفن باندھ کر سڑکوں پر باہر نکلیں گی اور دما دم مست قلندر ہوگا، اگر حق میں فیصلہ آیا تو شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ شاہ شمس روڈ پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں دیگر عہدیداران و کارکنان ثروت خان، روبینہ شاہین، فہمیدہ چوہان، سہیلہ اقبال جانگلہ، افشین بٹ، شازیہ ہاشمی، ثمینہ منیر، شبانہ خدابخش، سونیا، غازیہ، ثمینہ نور، عطیہ ربنواز، سکینہ بشیر سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

خواتین رہنمائوں نے مزید کہا کہ 24 دسمبر کو پارٹی قائد میاں نواز شریف و دیگر رہنمائوں کے خلاف ہونے والے فیصلے کے بارے میں لائحہ عمل تیار کر لیا ہے، اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین پارٹی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سوائے مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ و قیمتوں میں اضافے سمیت دیگر بحرانوں کے کچھ نہیں دیا، ڈالر کی اُڑان میں بھی پی ٹی آئی کے غیر ذمہ دارانہ پالیسیاں ہیں، جس کی وجہ سے آج روپے کی قیمت ایک کاغذ کے ٹکڑے کی حیثیت اختیار کرچکی ہے، لیکن (ن) لیگ اپنی ذمہ داری کو پورا کرے گی اور عوام کے حقوق کے لئے بھرپور انداز میں اپنی آواز بلند کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 768171
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش