QR CodeQR Code

نیب کا مقصد سیاستدانوں سے وفاداریاں تبدیل کروانا ہے، جاوید ہاشمی

23 Dec 2018 10:31

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو قومی احتساب بیورو کے فلیگ شپ اور العزیزیہ کیس میں سزا ہو گی کیونکہ ادارے ان کے خلاف کیسز کو غلط ثابت نہیں ہونے دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے پیش گوئی کی ہے کہ نواز شریف کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے فلیگ شپ اور العزیزیہ کیس میں سزا ہو گی کیونکہ ادارے ان کے خلاف کیسز کو غلط ثابت نہیں ہونے دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب کا مقصد سیاستدانوں سے ان کی وفاداریاں تبدیل کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف کو سزا ہوئی تو میں یہ فیصلہ منظور نہیں کروں گا۔ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ آخری مراحل میں ہے اور صرف پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے یو ٹرن کی وجہ سے یہ کام رک سکتا ہے تاہم اس معاملے پر حکومت کے لیے یو ٹرن لینا آسان نہیں ہو گا۔ شہباز شریف کے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے مطالبے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے اس کی پہلے ہی پیش گوئی کر دی تھی‘۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تقریباً تمام جماعتوں نے اس کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سربراہ بننے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے خود اپنے پروڈکشن آرڈر دے سکیں گے۔ انہوں نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان دنیا بھر میں تقاریر کر رہے ہیں تاہم قومی اسمبلی کے اجلاس سے غائب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پارلیمانی کے بجائے صدارتی نظام کی حمایت کرتے ہیں وہ اس قابل ہی نہیں کہ اسمبلی میں سوالات کا جواب دے سکیں۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ میڈیا کو سینسر شپ کا سامنا اور میڈیا ورکرز جنہوں نے اس انڈسٹری کو منافع بخش بنایا کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 768196

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/768196/نیب-کا-مقصد-سیاستدانوں-سے-وفاداریاں-تبدیل-کروانا-ہے-جاوید-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org