QR CodeQR Code

مہنگائی اور بیروزگاری سے عوام بلبلا رہی ہے، عوام پر آئے روز معاشی بم گرائے جا رہے ہیں، پیپلزپارٹی ملتان

23 Dec 2018 19:03

ملتان میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنی ناکام پالیسیوں کا غصہ ہماری قیادت پر ناجائز مقدمات بنا کر نکال رہی ہے، ماضی میں بھی پیپلزپارٹی اور اسکی قیادت پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ثابت ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم لابر کی زیر صدارت میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے حوالے سے ملتان سٹی و ضلع کا اجلاس سٹی سیکرٹریٹ ملتان میں ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک نسیم لابر، راو ساجد علی، اے ڈی بلوچ، چوہدری یاسین، ریاض رضا، راضیہ رفیق، خواجہ عمران، خان نواز سوترک، ساجد بلوچ، نذر محیی الدین بھٹہ، حاجی خلیل راں، وحیدالحسن بھٹہ جانباز، حاجی امین ساجد، حاجی مظہر نواز، ملک افتخار، ملک طارق کھوکھر، روف لودھی، نورین قیصر، رمضان کمبوہ، طارق شاد، ملک ندیم اختر عرفان شیروانی، مطلوب بخاری اور شبیر علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو اپنے نام کی طرح ایک بے مثال شخصیت کی حامل لیڈر تھیں، جمہوریت کیلئے انکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کا یوم شہادت ہر سال کی طرح اس سال بھی بھرپور انداز میں منایا جائے گا، برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہوگی اور اس مرکزی تقریب میں شرکت کیلئے ملتان سے 25 دسمبر کو ریلوے اسٹیشن ملتان سے قافلہ روانہ ہوگا، جیالوں کا یہ قافلہ گڑھی خدا بخش بی بی شہید کی آخری آرام گاہ پر حاضری دے کر اس بات کا عہد کرے گا کہ پیپلزپارٹی کا ہر ورکر، ہر کارکن مشکل وقت میں نہ پہلے کبھی گھبرایا ہے، نہ اب گھبرائے گا۔

ہم ان مشکل حالات کا مردانگی سے مقابلہ کریں گے اور ہم موجودہ حکومت کو یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ ظلم اتنا کرو جتنا کل کو برداشت کر سکو، یہ سب موجودہ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے کر رہی ہے، کیونکہ حکومت عوام میں مقبولیت کھو چکی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام بلبلا رہی ہے، عوام پر آئے روز معاشی بم گرائے جا رہے ہیں، لیکن موجودہ حکومت اپنی ناکام پالیسیوں کا غصہ ہماری قیادت پر ناجائز مقدمات بنا کر نکال رہی ہے، ماضی میں بھی پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ثابت ہوئے، اب بھی پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت ان مشکل حالات سے گھبرانے والی نہیں، اگر آصف علی زرداری کو گرفتار کیا گیا تو نتائج کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہوگی، جنہوں نے اپنے ذاتی انتقام کیلئے اداروں کو کٹھ پتلی بنایا ہوا ہے، اس وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، پیپلزپارٹی موجودہ حکومت کے ان اوچھے ہتکنڈوں کی مذمت کرتی ہے، مزید کہا کہ 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی کا اتنا بڑا اجتماع ہوگا کہ تاریخ میں رقم کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 768294

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/768294/مہنگائی-اور-بیروزگاری-سے-عوام-بلبلا-رہی-ہے-پر-آئے-روز-معاشی-بم-گرائے-جا-رہے-ہیں-پیپلزپارٹی-ملتان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org