0
Tuesday 25 Dec 2018 02:24

حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، حکومت انتقامی کارروائی کے علاوہ اور کچھ نہیں کر رہی، قائم علی شاہ

حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، حکومت انتقامی کارروائی کے علاوہ اور کچھ نہیں کر رہی، قائم علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے ملیر ندی کی سرکاری اراضی غیر قانونی طور سے الاٹ کرنے سے متعلق کیس میں نیب انکوائری میں سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی ہے۔ درخواست ضمانت پر سماعت پر سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے نیب کال اپ نوٹس درخواست کے ساتھ منسلک کیا؟ جس پر قائم علی شاہ کے وکیل نے کہا کہ کال اپ نوٹس درخواست کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ عدالت نے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی 10 لاکھ روپے کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری فروری کے دوسرے ہفتے تک منظور کرلی۔ عدالت نے قائم علی شاہ کو نیب انکوائری میں تعاون کی بھی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے 18 دسمبر کو کال اپ نوٹس بھیجا ہے، انہوں نے کہا کہ ملیر ندی کی اراضی کی الاٹمنٹ کرنے کے بعد منسوخ بھی کردی تھی۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیب کی جانب سے کال اپ نوٹس بھیجنا سیاسی انتقام کے مترداف ہے، نیب پیپلز پارٹی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ قائم علی شاہ نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ نیب کے کال اپ نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے اور ساتھ ہی نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔ سندھ ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ زمین جوالاٹ کی گئی تھی وہ منسوخ ہوچکی، کیس میں کچھ نہیں پھر بھی مجھے نوٹس بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کہہ دیا تھا نیب انتقامی کارروائی کررہا ہے، حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، حکومت انتقامی کارروائی کے علاوہ اور کچھ نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ 26 دسمبر کو پی پی کی سینٹرل کمیٹی کا اجلاس ہے، اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 768503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش