نائیجیریا، دہشت گرد حملے میں 17 افراد جاں بحق
25 Dec 2018 09:17
پولیس نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائیجیریا میں گزشتہ چند دنوں میں دہشت گردوں کے حملوں میں تیزی آئی ہے اور تازہ واقعے میں 17 افراد نشانہ بنے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ افریقی ملک نائیجیریا کی شمالی ریاست زیمفارا کے علاقے میں دہشت گرد حملے میں 17 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائیجیریا میں گزشتہ چند دنوں میں دہشت گردوں کے حملوں میں تیزی آئی ہے اور تازہ واقعے میں 17 افراد نشانہ بنے ہیں۔ خیال رہے کہ اسی علاقے کے دو گاؤں میں چند روز قبل ہی ہونے والے حملے میں 25 افراد مارے گئے تھے جس کو مقامی برادریوں اور ڈکیتوں کے درمیان برسوں سے جاری لڑائی کا تسلسل قرار دیا گیا تھا۔ تازہ حملہ ضلع میرادون کے ایک گاؤں میں ہوا جہاں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے گاؤں کو آگ لگا دی اور اندھا دھند فائرنگ کی جس کے باعث مقامی افراد بھاگنے پر مجبور ہوئے۔ مقامی باشندے قسیمو بیلو کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد ہمیں 17 لاشیں ملیں اور ہم نے ان لاشوں کو دفن کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد گاؤں میں داخل ہوئے اور جب لوگوں نے بھاگنے کی کوشش تو انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
خبر کا کوڈ: 768519