QR CodeQR Code

پاراچنار میں بھی کرسمس کی تقریبات جاری

25 Dec 2018 13:59

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عیسائی برادری کے پادری ریاض مسیح نے کرسمس کے موقع پر قبائلی عوام کے پیار اور محبت کو سراہا اور کہا کہ ضلع کرم میں عیسائی برادری مکمل آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ قبائلی علاقہ پاراچنار میں بھی کرسمس کے حوالے سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، جس میں مقامی قبائل بھی حصہ لے رہے ہیں۔ کرسمس کے موقع پر پاراچنار میں عیسائی برادری کی عبادتگاہوں اور گھروں میں کرسمس کی تقریبات شروع ہوگئی ہیں۔ تقریبات کیلئے عیسائی برادری کی جانب سے کئی روز سے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ عیسائی برادری کی جانب سے کرسمس کی تقریبات میں ملک و قوم کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں۔ تقریبات میں مقامی قبائل بھی شرکت کر رہے ہیں، کرسمس تقریبات کے موقع پر معروف سماجی تنظیم نسیم یوسف ویلفئیر ٹرسٹ کے اراکین نے ضلع بھر کی مسیحی برادری میں کرسمس کے تحائف پیش کئے اور معذوروں میں وھیل چئیرز اور بیساکھیاں تقسیم کیں، جس پر عیسائی برادری نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔

چرچ کالونی پاراچنار میں بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نسیم یوسف ویلفئیر ٹرسٹ کے بانی یوسف لالا نے کہا کہ عیسائی برادری ہمارا حصہ ہے، ان کی خوشی ہماری خوشی ہے اور ان کی ان کاوشوں کا مقصد عوام میں انسانیت کی خدمت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ پاک فوج کے کمانڈنگ آفیسر کرنل مسعود اختر بھی تقریب میں شریک ہوئے، اس موقع پر اپنے خطاب میں کرنل مسعود اختر نے نسیم یوسف ویلفئیر ٹرسٹ کی انسان دوستی کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دراصل ان چھوٹے تحفوں میں بڑے معنی پوشیدہ ہیں، جس میں نہ صرف عوام بلکہ حکمرانوں کیلئے بھی پیغام ہے کہ وہ انسان اور انسانیت کی قدر کریں اور ان کی خدمت کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عیسائی برادری کے پادری ریاض مسیح نے کرسمس کے موقع پر قبائلی عوام کے پیار اور محبت کو سراہا اور کہا کہ ضلع کرم میں عیسائی برادری مکمل آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یسوع مسیح کا پیغام محبت کا پیغام ہے اور ہم نے سب اس پیغام کو گھر گھر پہنچانا ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 768586

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/768586/پاراچنار-میں-بھی-کرسمس-کی-تقریبات-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org