0
Tuesday 25 Dec 2018 13:58

خیبر پختونخوا میں کرسمس کی تقاریب جوش و خروش سے منائی جارہی ہیں

خیبر پختونخوا میں کرسمس کی تقاریب جوش و خروش سے منائی جارہی ہیں
اسلام ٹائمز۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر شہروں میں مسیحی برادری کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ گرجا گھروں میں خصوصی تقریبات جاری ہیں جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ کرسمس کو بھرپور طریقے سے منانے کیلئے گرجا گھروں اور کرسمس ٹری کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ کرسمس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقاریب سے ہوا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی کیلئے بھی خصوصی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے امن و امان کے حوالے سے اقدامات کو بھی تسلی بخش قرار دیا ہے۔

پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق پشاور سمیت صوبہ بھر کے 85 چرچوں کو فُل پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ صوبہ بھر میں 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ گرجا گھروں کے قریب اور داخلی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری جبکہ قبائلی اضلاع سے مختلف شہروں میں داخل ہونے والے راستوں پر بھی خصوصی چیکنگ کی جارہی ہے۔

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعلٰی نے کہا کہ اسلام واحد مذہب ہے جس نے آج سے صدیوں پہلے اسلامی ریاست میں اقلیتوں کے حقوق کو بھرپور تحفظ اور مذہبی آزادی کا کامل احساس اور اطمینان دیا۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین بھی اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور ان کے حقوق کا ضامن ہے۔

وزیراعلٰی نے کہا کہ دنیا میں دیرپا امن کے قیام کا تقاضا بھی یہی ہے کہ بلا امتیاز رنگ و نسل انسانیت کی تکریم کے جذبے کو زندہ کیا جائے۔ طاقت کے بل بوتے پر کسی کے بھی حقوق پر ڈاکہ ڈالنا غیر انسانی فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی اور سماجی آزادی حاصل ہے۔ مسیحی برادری کو یقین دلاتے ہیں کہ صوبائی حکومت آئندہ بھی اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 768588
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش