0
Tuesday 25 Dec 2018 14:31

نہرو سمیت کوئی رہنماء قائداعظم کے قریب بھی نہیں بھٹک سکتا، جسٹس ثاقب نثار

نہرو سمیت کوئی رہنماء قائداعظم کے قریب بھی نہیں بھٹک سکتا، جسٹس ثاقب نثار
اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ہم آج کام کرکے قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، نہرو سمیت دیگر سیاسی رہنما میرے قائد کے قریب بھی نہیں بھٹک سکتے۔ یوم قائد کی چھٹی کے باوجود سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے نجی جامعات کی قانونی حیثیت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وزراء عدالت میں پیش ہو کر نجی جامعات کی منظوری سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کریں۔ اس پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نجی جامعات کی قانونی حیثیت سے متعلق کمیٹیز تشکیل دے دی ہیں، ان کمیٹیز کا اجلاس 28 دسمبر کو ہوگا، جس میں نجی جامعات کے معاملات زیرغور آئیں گے۔

سرکاری وکیل کے جواب پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ کمیٹیاں سالہا سال کام کرتی رہیں گی، ہمیں تو حتمی رپورٹ درکار ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وزراء کو بلا لیں، یہاں کام کریں، یوم قائداعظم کی چھٹی نہ منائیں، قائداعظم نے کہا تھا کہ کام، کام اور بس کام۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ جنہوں نے اپنی زندگی پر کھیل کر یہ ملک بنایا، ہم ان کی یاد چھٹی کرکے مناتے ہیں، ہم 25 دسمبر تو منا لیتے ہیں اور گھر بیٹھ جاتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم آج کام کرکے قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، نہرو سمیت دیگر سیاسی رہنما میرے قائد کے قریب بھی نہیں بھٹک سکتے۔ بعد ازاں عدالت نے نجی جامعات کی قانونی حیثیت سے متعلق کیس میں وزیر قانون اور وزیر صحت کو آج ہی طلب کرلیا۔
خبر کا کوڈ : 768592
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش