QR CodeQR Code

بلاول بھٹو زرداری اپنے والد کی سیاست کی بھینٹ چڑھ جائیں گے، وفاقی وزیر ریلوے

25 Dec 2018 19:37

مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ خورشید شاہ کی چیخیں بتا رہی ہیں ان کی بھی ڈیٹ فکس ہونے والی ہے، شہباز شریف نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہے، ان کی ہلکی پھلکی گوٹی فٹ کی ہوئی ہے، عمران خان کی حکمرانی میں پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے والد آصف علی زرداری کی سیاست کی بھینٹ چڑھ جائیں گے، انہوں نے قوم کی جیبیں کاٹیں اور معزز کہلا رہے ہیں، خورشید شاہ کی چیخیں بتا رہی ہیں ان کی بھی ڈیٹ فکس ہونے والی ہے، سکھر جیسے خوبصورت شہر میں ایسے بدصورت لوگ پیدا ہوئے ہیں، شہباز شریف نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہے، شہباز شریف نے ہلکی پھلکی گوٹی فٹ کی ہوئی ہے، وزیراعظم عمران خان کی حکمرانی میں پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے اور ان سے 100 فیصد امید ہے کوئی این آر او نہیں ہوگا، جس نے پاکستان کو لوٹا اور نوچا اس کا انجام برا ہوگا، کرپشن کرنے والے یاد رکھیں کفن کی جیب نہیں ہوتی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کراچی میں مزار قائداعظم محمد علی جناح پر حاضری دی، پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ نواز شریف سے بڑا چور اور ڈاکو شہباز شریف ہے، ہماری بدنصیبی ہے کہ چور چوکیدار بن گئے ہیں، قوم کی جیبیں کاٹنے والے معزز کہلا رہے ہیں، ان کی شکلوں پر لکھا ہے کہ یہ ڈکیت ہیں۔ انہوں نے ساری قوم کی جیبیں کاٹیں، میں تو ایک آوارہ کلاشنکوف رکھنے کے جرم میں 7 سال قید ہوا لیکن یہ لوگ سارا ملک لوٹنے کے بعد قید ہوئے ہیں، بے نظیر بھٹو کی وصیت نوکرانی کے پرس سے نکلی لیکن آصف زرداری کی وصیت پتہ نہیں کہاں ہوگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کا سب سے خوبصورت شہر سکھر ہے اور وہاں خورشید شاہ جیسا بدصورت شخص پیدا ہوا ہے، خورشید شاہ کے پیچھے کوئی شارک لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 30 مارچ سے پہلے جھاڑو پھرنے والی ہے، ان کی چیخیں بتارہی ہیں کہ ان کی ڈیٹ بھی فکس ہونے والی ہے، عمران خان کی حکمرانی میں پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، عمران خان سے 100 فیصد امید ہے کوئی این آر او نہیں ہوگا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ تربوز کے سائز کے سر والے بچوں کا دماغ اندر سے خالی ہے، وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے والے سیاست میں کامیاب ہوتے ہیں، ایسے لوگ اپنے فارمولوں کے خود موجد ہوتے ہیں، میرے تعلقات نمبر ایک لوگوں سے ہوتے ہیں، چھوٹے موٹے لوگوں سے بات نہیں کرتا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سرکلر ریلوے متاثرین کوزمین دینے کے لئے تیار ہوں، اس پر لوگوں کو بسانا سندھ حکومت کا کام ہے، ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 768631

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/768631/بلاول-بھٹو-زرداری-اپنے-والد-کی-سیاست-بھینٹ-چڑھ-جائیں-گے-وفاقی-وزیر-ریلوے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org