0
Tuesday 25 Dec 2018 19:41

قائداعظم محمد علی جناح کا 143 واں یوم پیدائش، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

قائداعظم محمد علی جناح کا 143 واں یوم پیدائش، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
اسلام ٹائمز۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 143 واں یوم پیدائش کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے مارچ پاسٹ کیا، کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میجر جنرل اختر نواز نے مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا جس کے بعد پی ایم اے کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے، ان سے پہلے پاک فضائیہ کے دستے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ گارڈزکی تبدیلی کی تقریب میں پی ایم اے کی لیڈی کیڈٹس نے بھی حصہ لیا، مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی گئی اور بابائے قوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ مہمان خصوصی میجر جنرل اختر نواز نے بھی مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ پڑھی اور پھول چڑھائے۔

واضح رہے کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ 25 دسمبر 1948ء کو منعقد ہوئی تھی، جس کا معائنہ اس وقت کے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین نے کیا اور چیمپیئن کمیٹی کو قائداعظم بینر پیش کیا گیا تھا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہ مسلح افواج کا واحد ادادرہ ہے کہ جسے بطور اکیڈمی کے ’’کرنل انچیف‘‘ قائداعظم نے ’’قائد کا اپنا‘‘ قرار دیا۔ پی ایم اے کیڈٹس کی جانب سے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالنے کی تقریب بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 768632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش